نئی دہلی: 15 جنوری (سیاسی تقدیربیو رو) کرشنا نگر اسمبلی سے کانگریس کے امیدوار گرچرن سنگھ راجو نے آج نند نگر کے ایس ڈی ایم دفتر میں ڈھول بجا کر پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ گیتا کالونی میں اپنے انتخابی دفتر میں سکھمنی صاحب کا ورد اور دعا کرنے کے بعد ان کا قافلہ گیتا کالونی، رام نگر، جگت پوری، پروانہ روڈ، چندر نگر گھونڈلی، کرشنا نگر سے ہوتا ہوا نند نگری پہنچا۔ بڑی تعداد میں لوگ ان کے ساتھ چل رہے تھے جو راجو کی حمایت میں طرح طرح کے نعرے لگا رہے تھے۔ قافلے میں ان کے ساتھ سابق کارپوریشن کونسلر بنسی لال، ڈاکٹر مشتاق انصاری، چار بلاک صدور دھیرج کنور، راجندر اروڑہ، راجیو کمار ڈھلون، جگل کشور اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ اس موقع پر گروچرن سنگھ راجو نے کہا کہ لوگوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو مسلسل جملے بازی کرتے ہوئے دیکھا ہے۔اور پچھلے دس سالوں میں دہلی میں کوئی بھی کام ایسا نہیں ہوا جس کی ستائش کی جا سکے جبکہ کانگریس کی شیلا سرکار نے دہلی کو خوشحال راجدھانی بنایا تھا اور اس دور کو لوگ آج بھی یاد کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم کامیاب ہوکر آتے ہیں تو دہلی کے ساتھ ساتھ کرشنا نگر اسمبلی حلقہ کو مثالی اسمبلی حلقہ بنائیں گے ۔
No Comments: