نئی دہلی،17 جنوری (ایجنسیاں)دہلی اسمبلی انتخاب کی سرگرمیاں زوروں پر ہیں۔ سبھی پارٹیاں انتخابی تشہیر میں مصروف ہیں۔ اس درمیان کانگریس پارٹی عوام سے جڑے ایشوز پر برسراقتدار عام آدمی پارٹی (عآپ) کو گھیرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ لگاتار برسراقتدار طبقہ سے سوال پوچھ رہی ہے اور ان کے پرانے وعدوں کو بھی یاد دلا رہی ہے جو نبھائے نہیں گئے۔دہلی اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد کانگریس پارٹی نے جن منصوبوں کا اعلان کیا ہے، ان کے بارے میں جانکاری دینے کے مقصد سے آج کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے پریس کانفرنس کی۔ انھوں نے مفت بجلی پر سوالیہ نشان لگایا اور کانگریس کے مفت بجلی منصوبہ کی خوبیوں کو سامنے رکھا۔پون کھیڑا نے کہا کہ کانگریس پارٹی وعدہ کرتی ہے، اگر دہلی میں اس کی حکومت بنی تو عوام کو 300 یونٹ مفت بجلی دے گی۔ اس وقت عآپ کی حکومت دہلی کے باشندوں کو 200 یونٹ مفت بجلی دے رہی ہے، لیکن کانگریس اور عآپ کے مفت بجلی منصوبہ میں بہت فرق ہے۔ آئیے، دونوں پارٹیوں کے مفت بجلی منصوبہ میں موجود فرق کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کانگریس کے میڈیا اور پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا نے میڈیا کو دونوں پارٹیوں کے مفت بجلی منصوبہ کو باریکی سے سمجھایا۔ انھوں نے عآپ کے مفت بجلی منصوبہ کو ایک دھوکہ قرار دیا اور کہا کہ کانگریس کے 300 یونٹ مفت بجلی منصوبہ کو سمجھیے۔ کانگریس کے منصوبہ میں 300 یونٹ بجلی مفت رہے گی، اس کے بعد 301 یونٹ ہونے کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ آپ کو 301 یونٹ کا بل دینا پڑے گا۔ آپ کو صرف اس یونٹ کے لیے ادائیگی کرنی ہوگی جو 300 کے اوپر ہو۔ حالانکہ عآپ میں اگر کوئی 201 یونٹ بجلی کا استعمال کرتا ہے تو اسے پورے 201 یونٹ کا بل ادا کرنا ہوتا ہے۔ یہ ایک طرح سے دھوکہ ہے۔ کانگریس ایسا نہیں کرے گی۔ اگر کانگریس حکومت میں کوئی 301 یونٹ بجلی استعمال کرتا ہے تو اسے محض 1 یونٹ بجلی کی رقم ادا کرنی ہوگی۔ہندی نیوز پورٹل ’نوجیون‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس نے ’بی ایس ای ایس راجدھانی پاور لمیٹڈ‘ کی کنزیومر سروس ٹیم سے بات کی تو اس نے بتایا کہ دہلی کی موجودہ حکومت دہلی کے باشندوں کو 200 یونٹ بجلی مفت دے رہی ہے۔ لیکن 200 یونٹ تک اگر بل آتا ہے تو آپ کو کسی طرح کی ادائیگی نہیں کرنی ہوگی۔ لیکن 201 یونٹ سے 400 یونٹ کے درمیان بجلی خرچ کرتے ہیں تو آپ کو پورا بل دینا ہوگا۔ یعنی فی یونٹ 4.50 روپے کے حساب سے چارج کیا جاتا ہے، اور پھر پورے بل پر آپ کو صرف 800 روپے کی سبسیڈی دی جاتی ہے۔ اگر 401 یونٹ سے 800 یونٹ کے درمیان بجلی خرچ ہوتا ہے تو آپ کا 6.50 روپے فی یونٹ کے حساب سے بل بنتا ہے۔ اس میں آپ کو پورا بل بھرنا پڑتا ہے، کوئی سبسیڈی بھی نہیں دی جاتی ہے۔
بہرحال، پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ دہلی میں اگر کانگریس کی حکومت بنی تو وہ 300 یونٹ بجلی پوری طرح مفت دے گی۔ 300 یونٹ سے جو بھی یونٹ زیادہ ہوگا، صرف اسی کا آپ کو بل ادا کرنا ہوگا۔ مطلب یہ ہے کہ اگر 310 یونٹ بجلی کا خرچ آپ نے کیا ہے تو آپ کو صرف 10 یونٹ کا ہی بل ادا کرنا ہوگا۔ باقی 300 یونٹ بجلی بل کا آپ کو کچھ بھی پیسہ نہیں دینا پڑے گا۔ عآپ کے موجودہ مفت بجلی منصوبہ میں ایسی سہولت نہیں ہے۔
No Comments: