09 September, 2024

ٹسٹ کرکٹ میں آئیرلینڈ کی آٹھویں ٹسٹ میں پہلی جیت

سید پرویز قیصر
ابوظہبی میں افغانستان کے خلاف کھیلے گئے واحد ٹسٹ میچ میں آئیر لینڈ نے چھ وکٹ سے جیت اپنے نام کی جو اس کی ٹسٹ کرکٹ میں پہلی جیت تھی۔ آئیرلینڈ نے آٹھویں ٹسٹ میچ میں پہلی جیت اپنے نام کی۔ اس ٹسٹ سے پہلے اس نے جو سات ٹسٹ میچ کھیلے تھے ان سبھی میں اسے شکست ہوئی تھی۔تاریخ کا پہلا ٹسٹ میچ ملبورن کرکٹ میدان پر مارچ 1877میں کھیلا گیا تھا جس میں آسڑیلیا نے انگلینڈ کو45 رن سے شکست دی تھی۔ اگلے میچ میں اسی میدان پر انگلینڈ نے آسڑیلیا کو چار وکٹ سے شکست دیکر اپنے دوسرے ٹسٹ میں پہلی جیت اپنے نام کی تھی۔دوسرے ٹسٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرنے والی تین ٹیمیں ہیں۔ انگلینڈ کے بعد ایسا پاکستان نے کیا تھا۔ پاکستان نے پہلا ٹسٹ ہندوستان کے خلاف کھیلا تھا جس میں اسے شکست ہوئی تھی۔ لکھنو میں اکتوبر 1952 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں پاکستان نے ہندوستان کو ایک اننگ اور43 رن سے شکست دیکر دوسرے ٹسٹ میں پہلی جیت اپنے نام کی تھی۔افغانستان نے اپنا پہلاٹسٹ ہندوستان کے خلاف بنگلور میں جون 2018 میں کھیلا تھا جس میں اسے ایک اننگ اور262 رن سے شکست ہوئی تھی۔ پہلے ٹسٹ میں شکست کے بعد افغانستان نے آئیرلینڈ کے خلاف اپنے دوسرے ٹسٹ میچ میں جیت اپنے نام کی تھی۔ دہرہ دوون میں مارچ 2019 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں افغانستان نے آئیرلینڈ کو سات وکٹ سے شکست دی تھی۔ویسٹ انڈیز نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی جیت چھٹے ٹسٹ میں حاصل کی تھی۔ویسٹ انڈیز نے اس جیت سے پہلے جو پانچ ٹسٹ کھیلے تھے اس میں چار میں اسے شکست ہوئی تھی اور ایک ٹسٹ برابر رہا تھا۔ انگلینڈ کے خلاف جارج ٹاون میں فروری 1930 میں 289 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔زمبابوے نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی جیت پاکستان کے خلاف ہرارے میں جنوری1995 میں حاصل کی تھی۔ اس ٹسٹ میں اس نے ایک اننگ 64 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔ اس ٹسٹ سے پہلے اس نے جو دس ٹسٹ میچ کھیلے تھے اس میں چار میں اسے شکست ہوئی تھی اور چھ ٹسٹ برابر رہے تھے۔ جنوبی افریقہ نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی جیت12 ویں ٹسٹ میچ میں حاصل کی تھی۔ اس ٹسٹ سے پہلے اس نے جو گیارہ ٹسٹ کھیلے تھے اس میں دس میں اسے شکست ہوئی تھی اور ایک ٹسٹ برابر رہا تھا۔ اس نے پہلی جیت انگلینڈ کے خلاف جنوری1906 میں جوہانسبرگ میں حاصل کی تھی اس نے اس ٹسٹ میچ میں ایک وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔سری لنکا نے ٹسٹ کرکٹ ،میں اپنی پہلی کامیابی ہندوستان کے خلاف کولمبو میں ستمبر1985 میں اپنے ٹسٹ میچ میں حاصل کی تھی۔ اس نے یہ ٹسٹ149 رن سے جیتا تھا۔ سری لنکا نے اس سے پہلے جو13 ٹسٹ میچ کھیلے تھے اس میں آٹھ ٹسٹ میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی جبکہ پانچ ٹسٹ میچ برابر رہے تھے۔ہندوستان کو اپنا پہلا ٹسٹ میچ جیتنے کیلئے25 ٹسٹ میچوں کا انتظار کرنا پڑا تھا۔ اس نے اس ٹسٹ سے پہلے جو 24 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں اس میں سے 12 میں اسے شکست ہوئی تھی اور 12 ٹسٹ برابر رہے تھے۔ ہندوستان نے اپنی پہلی کامیابی انگلینڈ کے خلاف چنئی میں جنوری 1952 میں حاصل کی تھی۔ اس ٹسٹ میں وہ آٹھ وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔زمبابوے کے خلاف چٹا گانگ میں جنوری 2005 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی جیت حاصل کی تھی۔ اس نے35 ویں ٹسٹ میں ایسا کیا تھا۔ اس ٹسٹ میں اس نے226 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔ اس جیت سے پہلے اس نے جو 34 ٹسٹ کھیلے تھے اس میں31 میں اسے شکست ہوئی تھی اور تین ٹسٹ میچ برابر رہے تھے۔سب سے زیادہ ٹسٹ میچوں کے بعد پہلی کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم نیوزی لینڈ تھی۔ اس کو 45 ویں ٹسٹ میچ میں پہلی جیت حاصل ہوئی تھی۔ اس نے پہلی جیت ویسٹ انڈیز کے خلاف مارچ 1956 میں آکلینڈ میں ہوئے ٹسٹ میچ میں 190 رن سے حاصل کی تھی۔ اس ٹسٹ سے پہلے اسے22 ٹسٹ میچوں میں شکست ہوئی تھی اور 22 ہی ٹسٹ میچ برابر رہے تھے۔ فیصل فیچرس

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *