Today: Sunday, September, 24, 2017 Last Update: 05:22 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

TELANGANA

تلنگانہ بھر میں شی ٹیموں کو توسیع دی گئی
حیدرآباد،یکم اپریل(یو این آئی)تلنگانہ بھر میں آج سے شی ٹیموں کو توسیع دی گئی ہے جن کا مقصد خواتین اور لڑکیوں کو چھیڑ خانی سے بچانا اور چھیڑ خانی کرنے والے افراد کو پکڑنا ہے ۔ تلنگانہ کے اہم شہروں اور اہم مقامات پر یہ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں اس کا تجربہ کامیاب رہا جس کو دیکھتے ہوئے ان ٹیموں کی توسیع کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ بس اسٹاپس ’ ریلوے اسٹیشنوں ’ کالجس اور دیگر عوامی مقامات پر لڑکیوں سے چھیڑ خانی کے واقعات کو روکنے کے لئے یہ ٹیمیں بنائی گئی ہیں جن کا بہتر ردعمل سامنے آرہا ہے ۔اسی کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ بھر میں ان ٹیموں کو توسیع دی گئی ہے ۔
پولیس نے لڑکیوں اور خواتین سے چھیڑ خانی کے واقعات مں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی وارننگ دی ہے ۔ کریم نگر میں کل ہی اس ٹیم کی تشکیل ہوئی ہے ۔ ضلع ایس پی شیو کمار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے لڑکیوں اور خواتین کی سلامتی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔

 

مکان کی دیوار گرنے سے 2 بچے ہلاک، والدین زخمی

حیدرآباد، 31 مارچ (یو این آئی) شہر میں ایک مکان کی دیوار گرنے سے چار سال سے کم عمر کے دو بچے ہلاک اور ا ن کے والدین زخمی ہوگئے ۔ یہ کنبہ کرائے کے مکان میں مقیم تھا۔ حادثہ رات کے پچھلے پہر پیش آیا جب مکین سورہے تھے ۔ مرنے والوں کے نام سائی چرن (4) اور نویا (3) تھے ۔ حادثہ میں زخمی ہونے والے ان کے والدین کو سرکاری ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔تاہم بچوں کے والد اور راجو کی حالت نازک ہے ۔ یہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں ٹھیکے پر کام کرتا تھا۔

 

تلنگانہ کے وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ کل کریم نگر میں دیوا دولا اور دوسرے لفٹ ایری گیشن پراجکٹس کا معائنہ کریں گے

حیدرآباد،28مارچ(یواین آئی) تلنگانہ کے وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ نے آج کھمم ضلع کے مگنور میں ایک ہزار 80میگا واٹ کے بجلی کے پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس کے بعدانہوں نے ضلع کے پارٹی لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی ۔ چندر شیکھر راؤ کل ضلع کریم نگر میں فضائی سروے کرتے ہوئے دیوا دولا اور دوسرے لفٹ ایری گیشن پراجکٹس کا معائنہ کریں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ کل شام یہ فضائی سروے کریں گے ۔ بعد ازاں وہ مختلف پراجکٹس کے ساتھ ساتھ ریاست کے تمام گھروں کو صاف پینے کا پانی سپلائی کرنے کے لیے شروع کئے جانے والے مشن کاکتیہ ’ سرسبزی اور شادابی کے ہریتاہرم پروگرام ’ ایس سی طبقات کیلئے اراضی کی تقسیم’ خط افلاس سے نچلی زندگی گزارنے والے ریاست کے کنبوں کیلئے فوڈ سکیوریٹی کارڈس اور دیگر امور پر اعلی افسروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کریں گے ۔ اس میٹنگ کے موقع پر ان پراجکٹس کی رپورٹس وزیر اعلی کو پیش کی جائے گی۔

تلنگانہ کے سرکاری اسکولس میں پہلی تا نویں جماعت امتحانات صبح میں منعقد کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد،28مارچ(یواین آئی)تلنگانہ کے سرکاری اسکولس میں یکم اپریل سے پہلی تا نویں جماعت منعقد ہونے والے امتحانات صبح میں ہی منعقد کرنے کا فیصلہ محکمہ اسکولی تعلیم نے کیا ہے ۔ محکمہ تعلیم کے ڈائرکٹر نے ضلع تعلیمی افسروں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس منعقد کی جس میں کہا گیا کہ دسویں جماعت کے امتحانات گیارہ اپریل تک منعقد ہوں گے جس کے سبب دسویں جماعت کے امتحانی مراکز والے اسکولس میں پہلی تا نویں جماعت کے امتحانات دوپہر سے منعقدکئے جائیں جبکہ دیگر اسکولس امتحانات صبح ہی میں منعقد کریں ۔ اس سلسلہ میں ڈائرکٹر نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل افسروں کو ہدایت جاری کی ہے ۔ واضح رہے کہ پرائیویٹ اسکولس سے متعلق اس سلسلہ میں حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے ۔ کمشنر محکمہ اسکولی تعلیم پی چرنجیولو نے بتایا کہ فی الحال صرف سرکاری اسکولس میں ہی امتحانات گرما کی شدت کو دیکھتے ہوئے صبح کے اوقات میں منعقد کئے جاسکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ اسکولس میں صبح کے اوقات میں امتحان منعقد کرنے کے سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ کئی اسکول انتظامیہ اور والدین کی جانب سے دوپہر میں امتحان منعقد کرنے پر کی گئی تشویش کے بعد یہ فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ ریاست بھر میں یکم اپریل سے امتحانات شروع ہوں گے ۔

ماحولیات کے تحفظ کیلئے شہر حیدرآباد میں سائیکل ریلی نکالی گئی
حیدرآباد،28مارچ(یواین آئی) ماحولیات کے تحفظ کے لیے شہر حیدرآباد میں سائیکل ریلی نکالی گئی۔اس کا اہتمام حیدرآباد سائیکلنگ کلب کی جانب سے کیا گیا تھا۔میٹرویل کے منیجنگ ڈائرکٹر ایم وی ایس ریڈی ، بیاڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو اور دوسروں نے اس میں شرکت کی ۔ا س موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھو نے کہا کہ آج ہر کوئی ایسی ریلیوں میں حصہ لے رہا ہے جو اچھی بات ہے ۔منتظمین نے کہا کہ اس ریلی کا مقصد میں بہتری پیداکرنا ہے کیونکہ شہر میں آلودگی میں روزانہ اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں گاڑیوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے جس سے آلودگی میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک تجزیہ سے یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ آلودگی کے سبب انسانی زندگی میں کمی ہورہی ہے ۔

 

شیروں کے تحفظ کے خواہشمند ممالک کو ہندوستان تربیت دینے تیار:جاویڈکر

حیدرآباد27مارچ(یو این آئی) مرکزی وزیر ماحولیات وجنگلات پرکاش جاویدکر نے کہا ہے کہ خطرہ کے شکار جانوروں کی نسلوں کے تحفظ کی کوشش کے حصہ کے طور پر ہندوستان ایسے جانوروں کو بچانے اور ان کے تحفظ کے خواہشمند ممالک کو تربیت دینے اور ان شیروں کو ان ممالک کو دینے کے لیے تیار ہے ۔انہوں نے شہر حیدرآباد کی دھولا پلی میں فاریسٹ اکیڈیمی کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس شیروں کے تحفظ کے لیے کافی عصری معیار کا طریقہ کار ہے ۔ ہم اس ٹکنالوجی کو ایسے دوسرے ممالک کو دینا چاہتے ہیں جو شیروں کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 13ممالک میں شیرپائے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ ایسے ممالک جہاں شیر کے لیے مناسب گھنے جنگل ہیں ان ممالک کو ہم تربیت دے سکتے ہیں اور ہم مناسب دیکھ بھال کی صورت میں ان ممالک کو شیروں کا عطیہ دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ان ممالک سے بات چیت کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ، شیروں کے بچانے اور ان کے تحفظ کرنے والے کامیاب ممالک میں سے ایک ہے ۔ہندوستان میں دنیا کے شیروں کی آبادی کے 70فیصد شیر ہیں۔اس تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔گزشتہ تین ماہ قبل کی گئی شیر شماری میں ملک میں شیروں کی آبادی 2226ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شیر کے بچوں پر خصوصی طور پر توجہ دی جارہی ہے جن کے ماں باپ نہیں ہوتے ۔ہم ان کو مرنے نہیں دیں گے ۔


جن آوشدھی اسٹورس پر اب جینرک دوائیں اصل بازاری قیمت سے 20 تا 30 فیصد میں دستیاب ہوں گی
حیدرآباد 27،مارچ (یو این آئی) ملک بھر کے جن آوشدھی اسٹورس پر اب جینرک دوائیں اس کی اصل بازاری قیمت سے 20 تا 30 فیصد میں دستیاب ہوں گی ۔مرکزی مملکتی وزیر کیمیکلس وفرٹیلائزرس ہنس راج گنگارام آہیر نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہاکہ جون میں شروع کردہ‘‘ جن آوشدھی’’ اقدام کے تحت گورنمنٹ ڈسٹرکٹ اسپتالوں’ بلاک کی سطح پر پبلک ہیلتھ سنٹرس اور میڈیکل کالجس میں پہلے مرحلہ میں اندرون ایک سال تین ہزار جنرک دواؤں کے اسٹورس کھولنے کی تجویز ہے ۔انہوں نے کہا ‘‘ہم 5 سال کے عرصہ میں ایسے 50 ہزار اسٹورس کھولنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ ان اسٹورس پر ان دواؤں کو 20 تا 30 فیصد قیمت پر غریبوں اور عام آدمی کو دیا جائے گا’’ ۔مرکزی وزیر نے کہاکہ صرف ایسے افراد جو ڈپلوما یا ڈگر یا فارمیسی میں پوسٹ گریجویشن ڈگری رکھتے ہوں یا حقیقی ساکھ رکھنے والی غیر سرکاری تنظیموں کو یہ اسٹورس چلانے کا موقع دیا جائے گا ’ ان کی وزارت دو لاکھ تا 2.5 لاکھ روپے کی سبسیڈی ’ کمپیوٹر اور شوکیس کی خریدی کے اخراجات کے لئے منتخب افراد کو دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ انڈین ڈرگس اینڈ فارماسیوٹیکلس (آئی ڈی پی ایل) کا 450 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے احیاء کیا جائے گا اس کے علاوہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کو 300 کروڑ روپے کے صرفہ سے خود کا کیمپس حاصل ہوگا ۔

 

تلنگانہ اسمبلی کے معطل تلگودیشم ارکان گرفتار
حیدرآباد26مارچ(یو این آئی) تلنگانہ اسمبلی سے معطل تلگودیشم کے ارکان اسمبلی کو اندر جانے کی اجازت نہ ہونے کا آج اسمبلی کے احاطہ میں بینر لگایا گیا ۔دوسری طرف اسمبلی کی لابی میں اجازت کے بغیر داخل ہونے کی کوشش پر تلگودیشم کے معطل ارکان اسمبلی کو پولیس نے روک دیا ۔ اس موقع پر اسمبلی کے مارشلس کے ساتھ ان ارکان اسمبلی کی بحث و تکرار ہوگئی جس کے بعد اسمبلی کے احاطہ میں پولیس نے ان معطل ارکان اسمبلی کو گرفتار کرلیا ۔ اسمبلی کے سامنے گن پارک کے قریب احتجاج کی کوشش پر سابق رکن اسمبلی ایل رمنا کو پولیس نے روک دیا ۔

 

تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دینے کے بعد پہلی مرتبہ دسویں جماعت کے امتحانات کاآغاز ہوا
حیدرآباد25مارچ(یو این آئی)تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دینے کے بعد پہلی مرتبہ دسویں جماعت کے امتحانات کا آج سے آغاز ہوا ۔ آندھراپردیش کی تقسیم اور تلنگانہ کی تشکیل کے بعد دونوں تلگو ریاستوں کے مختلف امتحانات علحدہ علحدہ طور پر منعقد کئے جارہے ہیں ۔تلنگانہ میں دسویں جماعت کے امتحان گیارہ اپریل تک جاری رہیں گے ۔ ریاست بھر میں 2614 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں اس مرتبہ امتحان کے طریقہ کار میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے ۔طلبہ کی سہولت کیلئے ریاست کے مختلف مقامات سے امتحانی مراکز تک خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں اور نقل کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ڈائرکٹر محکمہ تعلیمات چرنجیویلو نے بتایا کہ محکمہ جات ’ پولیس ’ آر ٹی سی ’ ڈاک اور صحت کے تعاون سے امتحانات منعقد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پر امن امتحانات منعقد کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں5لاکھ 64ہزار سے زائد طلبہ یہ امتحان تحریر کررہے ہیں ۔

عثمانیہ اسپتال میں بم رکھنے کی جھوٹی اطلاع سے سنسنی
حیدرآباد25مارچ(یو این آئی)شہر حیدرآباد کے سب سے بڑے سرکاری عثمانیہ اسپتال میں بم رکھنے کی جھوٹی اطلاع سے سنسنی پھیل گئی ۔ کل رات کسی نامعلوم شخص نے پولیس کو فون کرکے بم رکھنے کی اطلاع دی جس کے بعد افضل گنج پولیس کی خصوصی ٹیموں نے بم کو ناکارہ بنانے والے اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے عثمانیہ اسپتال کی تلاشی لی ۔اس اطلاع پر ڈاکٹر ’ مریض اور ان کے ساتھ رہنے والے افراد خوف زدہ ہوگئے ۔ پولیس کی ٹیموں نے تقریباً ایک گھنٹہ تک عثمانیہ اسپتال کی تلاشی لی تاہم بعد ازاں یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی ۔ پولیس نے بتایا کہ کال ڈاٹا کی مدد سے فون کرنے والے کی تلاش کی جارہی ہے جس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

 

حدیث کی آئینی حیثیت کسی بھی شک و شبہ سے بالا تر
شعبہ اسلامک اسٹڈیز ، مانو میں مولانا شاہ محمد فصیح الدین نطامی کا خطاب
حیدرآباد ، 25 ؍مارچ(یو این آئی)) شعبہ اسلامک اسٹڈیز ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کی جانب سے آج ایک علمی محاضرہ کا اہتمام کیا گیا۔ مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی ،مہتمم کتب خانہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد نے ‘‘اسلامی مصادر کا تعارف ’’ کے موضوع پر طلبہ سے خطاب کیا۔ مولانا نے اپنے خطاب میں بنیادی مصادر شریعت ۔ قرآن ، سنت ، اجماع اور قیاس پر تفصیل کے ساتھ گفتگو کی اور ان کے اہم علمی وفکری پہلووں پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ حدیث کی حجیت پر کوئی سوال قائم نہیں کیا جاسکتا، قرآن کی طرح وہ بھی اسلامی قانون کا ماخذ ہے ، اس کو نظرانداز کرکے اسلامی قانون کی تدوین کاتصور محال ہے ۔ انہوں نے اسلام میں آزادی فکر کی روایت پر کلام کرتے ہوئے امام ابو حنیفہ کی مثال دی کہ ان کی مجلس علمی چالیس اصحاب علم وفقہ پر مشتمل تھی، جو آزادانہ رائے کے ساتھ مسائل پر غور وخوض کرتے اور قرآن سنت کی روشنی میں احکام فقہ کی تدوین کرتے تھے ۔ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے صدر ڈاکٹر محمد فہیم اختر ندوی نے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے طلبہ کوشہر حیدرآباد کی نام ور شخصیت ڈاکٹر محمد حمیداللہ (پیرس )سے سبق لیتے ہوئے علم وتحقیق کے لئے اپنے اندر فنائیت کا جذبہ پیدا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے اس طرح کے علمی پروگراموں کے سلسلہ کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی اس طرح کے مفید علمی موضوعات پر محاضرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔پروگرام کا آغاز اسلامک اسٹڈیز سال اول کے طالب علم عبد الرقیب کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ شعبہ کاتعارف سال دوم کے طالب علم سید منہاج نے ، جب کہ مہمان مقرر کا تعارف محمد عابد حسین (سال دوم )نے پیش کیا۔ نظامت کے فرائض سید شارق علی نے انجام دئیے ۔

 

چندر شیکھر راؤ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے بعد دہلی کا دورہ کریں گے
حیدرآباد25مارچ(یو این آئی)تلنگانہ کے وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ ریاستی اسمبلی کے بجٹ سیشن کے اختتام کے بعد دہلی کا دورہ کریں گے ۔ذرائع کے مطابق وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے دیئے جانے والے ڈنر میں شرکت کریں گے ۔ ان کا قومی دارالحکومت کا دورہ تین دنوں کا ہوگا ۔ تین اپریل کو چندر شیکھر راؤ دہلی کے لیے روانہ ہوں گے ۔چار اپیل کو وہ وزیر اعظم کی جانب سے دیئے جانے والے ڈنر میں شرکت کریں گے ۔ پانچ اپریل کو ملک کے مختلف ہائی کورٹس کے چیف جسٹس کی میٹنگ میں شرکت کریں گے ۔چندر شیکھر راوؤ وزیر اعظم نریندر مودی سے خصوصی طور پر ملاقات بھی کریں گے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال اور تلنگانہ کو درپیش مختلف مسائل پر وہ تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ تلنگانہ اسمبلی سے معطل حزب اختلاف جماعت تلگودیشم کے ارکان کو میڈیا پوائنٹ پر میڈیا سے بات کرنے سے پولیس نے روک دیا ۔اس موقع پر پولیس پر تلگودیشم کے ارکان اسمبلی نے برہمی کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تلنگانہ تلگودیشم پارٹی لیڈر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ملک میں لگائی گئی ایمرجنسی جیسی صورتحال پیش کررہی ہے ۔ انہوں نے ریاستی اسمبلی کے بجٹ سیشن کے آغاز کے وقت گورنر ای ایس ایل نرسمہن کی تقریر کے موقع پر قومی ترانہ کی توہین کے معاملہ پر کہا کہ اس معاملہ کی سی ڈیز کو منظر عام پر لایا جائے ۔ عوام ہی اس پر فیصلہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ تلگودیشم ارکان نے کوئی غلطی نہیں کی اس کے باوجود انہیں معطل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ایوان کی تاریخ کا افسوسناک دن ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کی شروعات کے موقع پر گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے خطاب کے موقع پر قومی ترانہ کی توہین کرنے پر تلگودیشم کے ارکان اسمبلی کو اسپیکر تلنگانہ اسمبلی مدھوسدن چاری نے پورے بجٹ سیشن تک کے لیے معطل کردیا ہے ۔

 

سرکاری ملازمتوں میں تقرری کیلئے امتحان اردو میں منعقد کیا جائے گا:تلنگانہ کے وزیر خزانہ
حیدرآباد، 24مارچ (یو این آئی ) تلنگانہ کے وزیر خزانہ ای راجندر نے اسمبلی میں یقین دہانی کرائی کہ سرکاری ملازمتوں میں تقرری کیلئے امتحان اردو میں بھی منعقد کیا جائے گا۔سرکاری ملازمتوں میں تقرری کیلئے اردو میں امتحانات منعقد کرنے سے متعلق ایم آئی ایم کے فلورلیڈر اکبر اویسی کے سوال پر وزیر خزانہ ای راجندر نے یقین دہانی کرائی کہ سرکاری ملازمتوں میں تقرری کیلئے امتحان اردو میں منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں فی الحال چار فیصد مسلم ریزرویشن پر عمل کیا جارہا ہے اور اسی کے مطابق ہی کے تحت ملازمتوں پر تقرری کی جائے گی ۔ ای راجندر کہا کہ اب تک تقرری کے سلسلہ میں چھ جی اوز حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں حکومت18616 آسامیوں پر تقرری کی جائے گی ۔ کنٹریکٹ، روسٹر سسٹم اور میرٹ کی بنیاد پر ملازمین کی خدمات کو مستقل کو بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ضرورت پڑنے پر تقرری کی حد عمر میں پانچ تا دس سال اضافہ کرنے پر بھی غور کررہی ہے ۔ وزیر خزانہ کے اس جواب پر حزب اختلاف کی جماعتوں نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ سی پی آئی ’ سی پی ایم ’ کانگریس اور بی جے پی نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا ۔
 

 

غیر معیاری غذا کی سپلائی ،طلبہ نے ہاسٹل میں توڑ پھوڑ مچادی
حیدرآباد،21مارچ(یو این آئی) شہر حیدرآباد کے نظام پیٹ میں ایک کارپوریٹ کالج کے ہاسٹل میں غیر معیاری غذائی اشیا کی سپلائی پر کل رات طلبہ نے احتجاج کیا اور ہاسٹل کے منتظمین کے ساتھ ان کا جھگڑا ہوگیا جس پر طلبہ نے میس کے فرنیچر کو آگ لگادی ۔طلبہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے شکایت کی کہ ہاسٹل انتظامیہ سے کئی مرتبہ ناقص غذاکی سپلائی کی شکایت کی گئی تاہم ان کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ طلبہ نے الزام لگایا کہ پہلے ہاسٹل کے انتظامیہ نے ان سے مار پیٹ کی ۔ ان طلبہ نے کہا کہ پینے کے پانی میں چوہے پائے گئے اور غیر معیاری و غیر صحت مند غذا سپلائی کی جارہی ہے اس کی شکایت کے باوجود انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ ان طلبہ نے وارننگ دی کہ کالج انتظامیہ کے خلاف معاملہ درج کروایا جائے گا ۔

 

پولیس نے شراب پی کر گاڑی چلانے والے بعض افراد کو حراست میں لے لیا
حیدرآباد21مارچ(یو این آئی) پولیس نے شراب پی کر گاڑی چلانے والے بعض افراد کو حراست میں لے لیا ۔ کل رات دیر گئے پولیس نے شہر حیدرآباد کے جوبلی ہلز اور کے بی آر پارک کے قریب شراب پی کر گاڑی چلانے والے افراد کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے ان افراد کو حراست میں لے کر آٹھ کاروں ’ سات ٹو وہیلرس کو ضبط کرلیا ۔ ان افراد کی پیر کو کونسلنگ کی جائے گی اور بعد ازاں انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔

 

خواتین کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا :سواتی لکرا
حیدرآباد،21مارچ(یو این آئی) حیدرآباد کی ایڈیشنل کمشنر پولیس کرائمس سواتی لکرا نے کہا ہے کہ خواتین کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ ریاست بھر میں لڑکیوں اور خواتین سے چھیڑ خانی کے واقعات کو روکنے کیلئے شی ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔تلنگانہ کے دارالحکومت شہر حیدرآباد میں پہلے ہی یہ ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ پولیس کی یہ ٹیمیں بس اسٹاپس کے علاوہ کالجس کی گیٹس کے قریب سادہ لباس میں ہوتی ہیں۔ ان ٹیموں میں خواتین ہوتی ہیں اور جیسے ہی لڑکی یا کسی خاتون سے چھیڑخانی کا واقعہ ہوتا ہے ، یہ ٹیم اسے خفیہ کیمرے سے ریکارڈ کر لیتی ہیں اور اس چھیڑ خانی کی اطلاع قریب میں ہی سادہ لباس میں ٹہرے ہوئے ملازمین پولیس کو دی جاتی ہے جو چھیڑ خانی کرنے والے کو پکڑ لیتے ہیں۔ایسے شی ٹیموں کو تربیت دی جارہی ہے ۔تلنگانہ کے اضلاع سے آنے والی شی ٹیموں کی تربیت عنبرپیٹ پولیس گراؤنڈ میں کی گئی ۔ اس ٹریننگ کے اختتام کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سواتی لکرا نے کہا کہ ان شی ٹیموں کی شہر حیدرآباد میں تشکیل کے چند روز میں ہی بہتر نتائج سامنے آگئے ہیں۔ خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑ خانی کے واقعات کے علاوہ ان پر نازیبا ریمارکس کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی مزید ٹیموں کو تربیت دی جائے گی ۔ اس موقع پر انہوں نے تربیت مکمل کرنے والی شی ٹیموں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔

 

کے ،جی سے پی، جی مفت تعلیم پر غور کیا جارہا ہے

حیدرآباد، 14 مارچ (یو این آئی) تلنگانہ کے وزیرتعلیم کے سری ہری نے آج وقفہ سوال کے دوران ریاستی اسمبلی کو بتایا ہے کہ حکومت کے جی سے پی جی تک مفت تعلیم کی اسکیم ابھی زیر غور ہے ۔وزیر موصوف نے بتایا کہ تمام متعلقہ شعبوں کی رائے مشورہ کے بعد ہی اس اسکیم پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا جائے گا۔تعلیم کے حق پر بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظارہے ۔انہوں نے کہا کہ اسکو ل منیجر وں کی تعداد معقول بنانے کا کام جون جولائی تک کرلیا جائے گا ۔ ریاست میں انجینئرنگ ،زراعت اور میڈیکل کے داخلہ امتحان علیحدہ علیحدہ کرائے ہیں۔

 

مرکز کے ساتھ مسائل کو قابل قبول انداز میں حل کیاجائیگا:چندرشیکھر
حیدرآباد14مارچ(یو این آئی)تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نے ارکان اسمبلی کو تجویز پیش کی کہ مرکزی حکومت کے ساتھ مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام کو متحدہونا چاہئے ۔ انہوں نے قانون ساز اسمبلی میں کہا کہ قومی سطح پر کئی تبدیلیاں ہورہی ہیں اور ہمیں انوکھے انداز میں سوچنے کی ضرور ت ہے ۔انہوں نے کہا کہ فنڈس کے لیے مرکز سے کسی بھی قسم کے تصادم کی ضرور ت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پلاننگ کمیشن کی جگہ نیتی آیوگ نے لی ہے اورتمام ریاستوں کے وزرائے اعلی اس کے ارکان ہیں۔اس کے ذریعہ تمام ریاستوں کو ان کے مسائل سے واقف کروانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ مرکز کے ساتھ مسائل کو قابل قبول انداز میں حل کیاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کو اہمیت دے رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر فنڈس کے لیے تمام جماعتوں کے لیڈروں کے ساتھ مرکز کی اہم شخصیتوں سے ملاقات کی جائے گی ۔انہوں نے آندھراپردیش کی تقسیم اور تلنگانہ کی تشکیل کے بعد حیدرآباد ہائی کورٹ کی تقسیم اور تلنگانہ کے لیے علحدہ ہائی کورٹ کے قیام کے مسئلہ پر تلنگانہ کے وکلا کی جانب سے کئے جارہے احتجاج پر کہا کہ اس معاملے پر مرکز سے نمائندگی کی گئی ہے اور توقع ہے کہ اندرو ن 15دن ہائی کورٹ کی تقسیم ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ اس معاملہ میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے بھی ملاقات کریں گے ۔انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ جب تک ہائی کورٹ کی تقسیم نہیں ہوگی ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کا کام مکمل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس سال صنعتی شعبہ کے لیے بجلی کی کوئی بھی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں بجلی کی پیداوار کی تفصیلات وہ اپنے سل فون پر دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاست میں بجلی کے بحران پرجلد ہی قابو پالیاجائے گاتاہم وزیراعلی نے کہا کہ ریاست کی فصلوں کو بچانے کے لیے مارچ اور اپریل کے مہینوں میں کچھ وقت کے لیے بجلی کی کٹوتی کی جائے گی۔انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ مئی کے مہینہ کے بعد بجلی کی کوئی بھی کٹوتی نہیں ہوگی۔

 

کانگریسی لیڈر کے نام پر جاری ریوالور رکھنے والے باڈی گارڈی گا...


Advertisment

Advertisment