Today: Wednesday, September, 20, 2017 Last Update: 04:49 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

Andhra Pradesh

Andhra Pradesh

اے پی کے وزیراعلی نے سنگاپور کے دورہ کے دوسرے دن بھی اعلی افسروں سے ملاقات کی

حیدرآباد31مارچ (یوا ین آئی) آندھراپردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کا سنگاپور میں دوسرے دن بھی دورہ جاری ہے ۔ آج انہوں نے سنگاپور میں ٹکنالوجی پارک کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر سنگاپور کے اعلی افسروں نے انہیں بتایا کہ ڈرین کو ندی میں تبدیل کیا گیا ہے ۔چندرابابو نے بعد ازاں سنگاپور کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔انہوں نے سنگاپور کی طرز پر آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت کے قیام کے سلسلہ میں اعلیٰ افسروں سے تفصیلی طور پر آج بھی تبادلہ خیال کیا۔ چندرابابو نائیڈو سنگاپور اور جاپان کی طرز پر ریاست کا نیا دارالحکومت بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاست کے نئے دارالحکومت کے سلسلہ میں سنگاپور حکومت کے منصوبوں کو تاریخی کام قرار دیتے ہوئے سنگاپور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے دارالحکومت کے پلان کو حتمی شکل دے گئی ہے جس کا یہ پہلا مرحلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور حکومت کے اشتراک سے ہندوستان میں آندھراپردیش کا عالمی درجہ کا شہر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں کئی اہم امور پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چندرابابو نائیڈو کے ساتھ ریاستی وزرا وائی رام کرشنوڈو’ نارئنا’ حکومت کے صلاح کار پرکالا پربھاکر ’ ارکان پارلیمنٹ جے دیو’ سی ایم رمیش اور دوسرے موجود تھے ۔

 

نئے صدرمقام کیلئے حصول اراضی کے خلاف کسانوں کے احتجاج کا سلسلہ جاری
حیدرآباد31مارچ (یوا ین آئی)نئے صدر مقام کے لئے حکومت آندھراپردیش کی جانب سے حصول اراضی کے خلاف کسانوں کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ ضلع گنٹور کے اونڈا ولی اور پینو ماکا کے دیہاتوں میں زرخیز اراضی نئے دارالحکومت کے لئے دینے سے کسان انکار کررہے ہیں۔ ان کسانوں نے حکومت کی جانب سے ان کی زرخیز اراضی کے حصول کے خلاف دستخطی مہم شروع کی ہے ۔ان کسانوں نے ان دستخطوں کو وزیراعظم نریندر مودی کو روانہ کرنے ا ور حصول اراضی کے عمل کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔ کسانوں نے الزام لگایا کہ ان کی اجازت کے بغیر زرخیز اراضی حکومت حاصل کررہی ہے ۔مختلف مقامات پر کسانوں کا احتجاج جاری ہے ۔ ان کسانوں نے ریاستی حکومت کے خلاف نعرے لگائے ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے احتجاجی کسانوں نے کہا کہ تین ہزار کسانوں کی دستخطیں وزیراعظم نریندر مودی کو بھیجی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اراضی کافی زرخیز ہیں لیکن ریاستی حکومت نئے دارالحکومت کے لئے زبردستی ان کی اراضی حاصل کررہی ہے ۔

 

پولیس کانسٹیبل نے خاتون کی کم عمر لڑکی کی عصمت دری کی

حیدرآباد،28مارچ(یواین آئی) پولیس کانسٹیبل نے خاتون کی کم عمر لڑکی کی عصمت دری کی ۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع میدک کے شیورام پیٹ میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق اس لڑکی کے باپ کا انتقال ہوگیا تھا تاہم اس کے بعد اس کی ماں کے ناجائز تعلقات کوکٹ پلی کے پولیس ہیڈ کانسٹیبل ہری سے ہوگئے جس کے بعد اس کی ماں نے اپنی بیٹی کو جسم فروشی کے دلدل میں دھکیل دیا اور بعد ازاں اس کو شہر حیدرآباد کے کستوربا ہاسٹل میں داخل کروایا تاہم جب ہری نے اس خاتون سے اس کی لڑکی کو اس کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تو اس نے اپنی نویں جماعت میں تعلیم حاصل کرنے والی پندرہ سالہ لڑکی کو اس کے حوالے کردیا جس کے بعد ہری نے اس کی عصمت دری کی ۔اس لڑکی نے چائلڈ رائٹس تنظیم سے اس بات کی شکایت کی جس کے بعد اس کانسٹیبل کے خلاف شیوم پیٹ پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کر لیا گیا ۔بعدا زاں اس خاتون اور ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔ اسی دوران خواتین تنظیموں نے اس کانسٹیبل کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ کیا۔

ہاشم پورہ قتل عام کیس میں جلداپیل دائر کرے اتر پردیش حکومت:اسدالدین اویسی
حیدرآباد28مارچ(آئی این ایس انڈیا)آل انڈیامجلس اتحادالمسلمین نے ہاشم پورہ قتل عام کیس میں دہلی کی ایک عدالت کے فیصلے کے خلاف آج اتر پردیش کی حکومت سے اپیل دائر کرنے کامطالبہ کیا۔اس معاملے میں تمام 16ملزم پولیس اہلکار بری کر دیے گئے ہیں۔نچلی عدالت نے گزشتہ ہفتے اترپردیش حکومت کے ریزرو فورسز(پی اے سی)کے 16اہلکاروں کو ثبوت کی عدم موجودگی میں شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا جو میرٹھ ضلع کے ہاشم پورہ میں ایک اقلیتی کمیونٹی کے 42افراد کو ہلاک کرنے کے ملزم تھے۔مجلس کے سربراہ اسدالدین اویسی نے کہاکہ یہ انصاف کی شکست ہے۔انصاف میں دیر ہونا اس کا نہیں ملنا ہے۔فیصلے میں خودکہاگیاہے کہ تحقیقات میں رکاوٹ ہوئی۔کئی لوگوں کو اٹھا لیا گیا اور مار ڈالا گیا۔یہ قتل حکومت نے خود کیا لیکن اسے انجام دینے والوں کو سزا نہیں ملی۔حیدرآباد سے لوک سبھا رکن نے یہاں کہا کہ اس لئے اس بات کی ضرورت ہے کہ اتر پردیش کی حکومت اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے۔ریاستی حکومت کو اس فیصلے کے خلاف فوراََ اپیل کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس بی جے پی اور بی ایس پی کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ قتل عام میں مارے گئے لوگوں کو انصاف کو یقینی بنائیں۔بی جے پی کے لیڈر یوگی آدتیہ ناتھ کے آج شہر میں ایک اجتماع کے لئے جانے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں اویسی نے کہا کہ ایک شخص ملک یا ریاست کے لئے خطرہ نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی خیال ہے کہ کسی کو بھی کسی شہر میں داخل ہونے یا جلسے سے خطاب کرنے سے منع نہیں کیا جانا چاہئے۔اور اگر کوئی کچھ غلط بات(نفرت پھیلانے والی ہی تقریر)کرتا ہے تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔اویسی نے کہاکہ لیکن اگر نفرت پھیلانے والی تقریر فسادات کی وجہ بنتی ہے تو یقینی طور پر ایسے لوگوں کو اجازت نہیں دینی چاہئے۔

ماحولیات کے تحفظ کیلئے شہر حیدرآباد میں سائیکل ریلی نکالی گئی
حیدرآباد،28مارچ(یواین آئی) ماحولیات کے تحفظ کے لیے شہر حیدرآباد میں سائیکل ریلی نکالی گئی۔اس کا اہتمام حیدرآباد سائیکلنگ کلب کی جانب سے کیا گیا تھا۔میٹرویل کے منیجنگ ڈائرکٹر ایم وی ایس ریڈی ، بیاڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو اور دوسروں نے اس میں شرکت کی ۔ا س موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھو نے کہا کہ آج ہر کوئی ایسی ریلیوں میں حصہ لے رہا ہے جو اچھی بات ہے ۔منتظمین نے کہا کہ اس ریلی کا مقصد میں بہتری پیداکرنا ہے کیونکہ شہر میں آلودگی میں روزانہ اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں گاڑیوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ جس سے آلودگی میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک تجزیہ سے یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ آلودگی کے سبب انسانی زندگی میں کمی ہورہی ہے ۔

 

ایک ماہ کی لڑکی جھاڑیوں میں پائی گئی

راجمندری(آندھراپردیش) 27مارچ (یو این آئی) آندھراپردیش کے ضلع مشرقی گوداوری کے تونی علاقے میں ایک ماہ کی لڑکی کو چھوڑ دیا گیا ۔پولیس نے آج یہ بات بتائی۔ایک مقامی مزدور نے نومولود کے رونے کی آواز سنی اور اس کو جھاڑیوں میں پایا۔ یہ مزدور کل رات دیر گئے تونی ٹاون کے کونڈاواری پیٹ علاقہ سے گزررہا تھا۔پولیس سب انسپکٹر جیمس رتنا پرساد نے یہ بات بتائی۔اس مزدور نے فوری طور پر اس بات کی اطلاع پولیس کو دی جس نے اس نومولود کو بچایا ۔ اس لڑکی کے جسم پر زخموں کے معمولی نشان پائے گئے ۔
اس لڑکی کو بعد ازاں کاکناڈا کے ویمن اینڈ چائلڈ ویلفیر افسر کے حوالے کر دیاگیا جو اس کے چیک اپ کے لیے اس کو آج گورنمنٹ جنرل اسپتال لے گئی ۔یہ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس لڑکی کے پائے جانے سے دو تین گھنٹے قبل اس کو جھاڑیوں میں چھوڑ دیا گیا تھا۔پرساد نے مزید کہا کہ پولیس کی چار تا پانچ ٹیموں کو اس کے والدین کی تلاش کے لیے تعینات کردیا گیا۔

 

پٹرول پمپ کیشئر پر حملہ کرکے رقم چھین کر نامعلوم افراد فرار
حیدرآباد25مارچ(یو این آئی)آندھراپردیش کے ضلع نیلور کے کاوالی میں پٹرول پمپ پر کام کرنے والے کیشئر کودنڈارام ریڈی پر حملہ کرتے ہوئے رقم چھین کر نامعلوم افراد فرار ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کودنڈارام ریڈی وشواناتھ راؤ پیٹ سے روز کی طرح اپنی بائیک پر رقم لے کر جارہا تھا کہ ایک شخص نے اس کی بائیک کو اپنی بائیک سے ٹکر دے دی اس بات پر دونوں میں جھگڑا ہوا۔ کچھ دیر بعد ٹکر دینے والے شخص کے ساتھی وہاں پہنچے اور کودنڈارام ریڈی پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا اور بعد ازاں رقم لے کر فرار ہوگئے ۔ زخمی کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کروادیاگیا ۔
تروملا میں بارہ فٹ طویل سانپ کی موجودگی سے سنسنی پھیل گئی
حیدرآباد25مارچ(یو این آئی)آندھراپردیش کے تروملا میں بارہ فٹ طویل سانپ کی موجودگی سے سنسنی پھیل گئی۔ یہ سانپ اچانک سڑک پر نظر آیا جس سے عوام خوف زدہ ہوگئے اور گاڑیاں سڑک پر ہی رک گئیں ۔بعد ازاں محکمہ جنگلات کے افسروں کو اس کی اطلاع دی گئی جس کے بعد سانپ پکڑنے میں ماہر بھاسکر نائیڈو نامی شخص کو محکمہ جنگلات کی جانب سے بھیجا کیا گیا جس نے سانپ پکڑنے میں کامیابی حاصل کی ۔مقامی افراد نے کہا کہ اتنا بڑا سانپ انہوں نے کبھی نہیں دیکھا ۔

 

کرپشن بیورو کے افسروں نے کل رات اچانک تلاشی لی، بڑے پیمانے پر رقم ضبط،انسپکٹر گرفتار
حیدرآباد25مارچ(یو این آئی)آندھراپردیش کے سرحدی چیک پوسٹوں پر اینٹی کرپشن بیورو کے افسروں نے کل رات اچانک تلاشی لی ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے افسروں نے چتور کے رینی گنٹہ میں چیک پوسٹ پر نوے ہزار روپئے کی نقد رقم ضبط کرلی اور ایک انسپکٹر کو حراست میں لے لیا ۔ آندھراپردیش اور اوڈیشہ کی سرحد پر واقع سریکا کلم کے اِچھا پورم چیک پوسٹ پر دھاوے کے دوران ایک لاکھ سترہ ہزار روپئے کی رقم ضبط کی گئی ۔ اس رقم کا کوئی ریکارڈ نہیں دیکھا گیا ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے افسروں نے مہم کے دوران ریکارڈس کو بھی ضبط کرلیا ۔ نیلور میں دھاوے کے دوران چوبیس ہزار چار سو پچاس روپئے کی رقم ضبط کی گئی ۔اے سی بی نے ٹرک ڈرائیورس سے غیر قانونی طور پر رقومات کی وصولی کی اطلاع پر ایک ساتھ یہ تلاشی مہم چلائی ۔ ہر دو تا تین ماہ میں اے سی بی کی جانب سے یہ مہم چلائی جاتی ہے ۔ مختلف چیک پوسٹوں سے روزانہ چھ ہزار لاریاں گزرتی ہیں تاہم صرف دو ہزار لاریوں سے ہی فیس کی وصولی کی اطلاع ہے باقی دیگر ٹرکس سے معمول کی رقم لے کر چھوڑ دیا جاتا ہے ۔

 

تروپتی میں لال صندل کی لکڑی ضبط

حیدرآباد، 24مارچ (یو این آئی ) آندھراپردیش کے ضلع تروپتی میں محکمہ جنگلات کے افسروں نے 75لاکھ روپئے مالیت کی لال صندل کی لکڑی ضبط کی ۔یہ لکڑی آٹو میں منتقل کی جارہی تھی محکمہ جنگلات کے افسروں نے اس آٹو کو روکا اور اس لکڑی کو ضبط کرلیا ۔محکمہ جنگلات کے افسروں نے اسمگلنگ کو ناکام بنادیا اور پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ۔
 

چندرابابو نائیڈو جنونی ہیں:جگن موہن ریڈی
حیدرآباد، 24مارچ (یو این آئی ) آندھراپردیش کی اصل حزب اختلاف جماعت وائی ایس آرکانگریس کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ریاست کے وزیراعلی این چندرابابو نائیڈو کو جنونی قراردیا۔انہوں نے اسمبلی میں کہاکہ چندرابابو نائیڈو نے غیر منقسم آندھراپردیش کے آخری وزیراعلی کرن کمار ریڈی کی حکومت کو بچایا تھا۔اسی وجہ سے ریاست آندھراپردیش کی تقسیم ہوئی ہے ۔انہوں نے ریاست میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے مسئلہ پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے وزیراعلی این چندرابابو نائیڈو جنونی ہیں جو ہر کسی کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ادونی میں کل رات بڑے پیمانہ پر آگ لگنے کا واقعہ
حیدرآباد، 24مارچ (یو این آئی ) آندھراپردیش کے ضلع کرنول کے ادونی میں کل رات بڑے پیمانہ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ۔ اس واقعہ میں دس دکانات کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ۔ یہ واقعہ این جی او کالونی کے قریب پیش آیا جس سے عوام میں خوف کی لہر دوڑ گئی ۔ اس واقعہ میں بڑے پیمانہ پر مالی نقصان ہوا ۔ آگ کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی دکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے اہل کاروں نے وہاں پہونچ کر آگ پر قابو پایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک دکان میں گیاس سلینڈر کے پھٹ پڑنے کے سبب آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے دیگر دکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔
 

وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی کی میٹنگ

حیدرآباد20مارچ(یو این آئی) آندھراپردیش کی اصل حزب اختلاف وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی کی میٹنگ پاش بنجاراہلز علاقہ میں واقع پارٹی کی ہیڈکوارٹرس لوٹس پونڈ میں منعقد ہوئی ۔ان ارکان اسمبلی جنہوں نے اسپیکر کے سیواپرساد راو کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قبولیت تک اسمبلی کے جاریہ سیشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے ،توقع ہے کہ وہ اپنے مستقبل کے لائحہ عمل پر فیصلہ کریں گے ۔وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی قیادت میں پارٹی کے ارکان اسمبلی کو کل اسپیکر نے نامناسب رویہ پر تین دنوں تک کے لیے اسمبلی سے معطل کردیاتھا ۔ان ارکان اسمبلی نے قبل ازیں گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی تھی اور اسپیکر کے سیواپرساد راو کے خلاف شکایت کی تھی ۔ ان ارکان اسمبلی نے اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس بھی اے پی لیجسلیچر سکریٹری کے حوالے کی تھی اور الزام لگایا تھا کہ اسپیکر تلگودیشم کے پارٹی لیڈر کے طور پر رویہ اختیار کر رہے ہیں۔

 

آندھراپردیش کے وزیراعلی امکان ہے کہ یکم جون کو نئے دارالحکومت کا سنگ بنیاد رکھیں گے

حیدرآباد14مارچ(یو این آئی)آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابو نائیڈو امکان ہے کہ اس سال یکم جون کو ریاست کے نئے دارالحکومت کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے سنگاپور کے دورہ کی تاریخ میں تبدیلی کردی ہے ۔ چندرابابو نائیڈو سنگاپور کے طرز کا نیا دارالحکومت چاہتے ہیں جس کے لیے سنگاپور کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔وہ چین کے دورہ سے قبل مارچ کے آخری ہفتہ میں سنگاپور کا دورہ کریں گے ۔ذرائع کے مطابق چندرابابو نائیڈو 30اور 31مارچ کو سنگاپور کا دورہ کریں گے تاکہ ریاست کے نئے صدر مقام کے ماسٹر پلان کو حتمی شکل دی جاسکے ۔ بعد ازاں نئے دارالحکومت کے بلو پرنٹ کے سلسلہ میں سنگا پور کے ساتھ ایک معاہدہ کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق چندرا بابو نائیڈو تلگو سال نو اُگادی کے موقع پر 21مارچ کو ریاست کے نئے دارالحکومت کے سنگ بنیاد کی تاریخ کا اعلان کریں گے ۔ سنگا پور سے طے پائے معاہدہ کے مطابق جون کے مہینہ میں سنگا پورآندھراپردیش کے نئے دارالحکومت کا ماسٹر پلان حکومت کے حوالہ کرے گا جس میں سکریٹریٹ ’ اسمبلی ’ وزیر اعلی کا دفتر ’ رہائش گاہ ’ راج بھون ’ منسٹرس کوارٹرس بھی شامل ہوں گے ۔ اس ماسٹر پلان کو چندرا بابو نائیڈو منظوری دیں گے جس کے بعد تعمیراتی کاموں کا آغاز ہوگا ۔ چندرا بابو نائیڈو نئے دارالحکومت کے سنگ بنیاد کی تقریب بڑے پیمانہ پر منعقد کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ کئی مرکزی وزرا اور مہاراشٹرا ’ اوڈیشہتاملناڈو اور تلنگانہ کے وزرائے اعلی کو اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی جائے گی ۔ ذرائع کا ماننا ہے کہ اس تقریب کے ذریعہ چندرا بابو نائیڈو ریاست میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش کریں گے ۔

 

تلگودیشم کے دو لیڈر سڑک حادثہ میں ہلاک ہو گئے

حیدرآباد13مارچ(یو این آئی) تلگودیشم کے دو لیڈر آندھراپردیش کے ضلع نیلور کے کاوالی میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہو گئے ۔ان لیڈروں کی تیز رفتار کار نے سڑک پر ٹہرے ہوئے ٹرک کو ٹکر دے دی جس کے سبب یہ دونوں لیڈر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ۔اس حادثہ میں ایک اور شخص زخمی ہوگیا جسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروادیاگیا ہے ۔مرنے والے تلگودیشم لیڈروں کی شناخت چندراموالی اور وینکٹ سبیا کے طور پر کی گئی ہے ۔ ان دونوں لیڈروں کی اچانک حادثہ میں موت پر آندھراپردیش کی حکمران جماعت تلگودیشم نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

 

کار پلٹنے سے تین ہلاک ، چار زخمی

اننت پور، 11 مارچ (یو این آئی) آندھراپردیش میں پیٹا کنٹا ضلع میں آج کار کے پلٹنے سے اس میں سوار ڈھائی سال کے ایک بچے سمیت تین افراد کی موت ہوگئی جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ یہ لوگ کار سے بنگلورسے کرنول جارہے تھے تبھی یہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں زخمی لوگوں کو پینڈ کنڈا کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیاہے ۔

 

سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد موقع پر ہی ہلاک
حیدرآباد11مارچ(یو این آئی)آندھراپردیش کے ضلع اننت پور میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد موقع پر ہی ہلاک اور مزید تین شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔یہ حادثہ ضلع اننت پور کے سومندے پلی کے قریب اس وقت پیش آیا جب کار توازن کھوکر اُلٹ گئی ۔ زخمیوں کو علاج کیلئے پینو کونڈہ کے سرکاری اسپتال میں داخل کردیا گیا ۔ مرنے والوں کی شناخت کرنول کی نرسمہا ریڈی کالونی کے گورپا کے خاندان کے ارکان کی حیثیت کی گئی ہے ۔ یہ افراد بنگلور سے کرنول جارہے تھے کہ ان کی تیز رفتار کار کا توازن ڈرائیور نے کھودیا جس کے نتیجہ میں یہ کار اُلٹ گئی اور تین افراد موقع پر ہی ہلاک اور مزید تین زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کرلیا۔

 

شادی کے تین دن بعد ہی ایک شخص نے بیوی کا گلا کاٹ دیا
اور خود بھی گلا کاٹ کر خودکشی کی کوشش کی
حیدرآباد11مارچ(یو این آئی) شادی کے تین دن بعد ہی ایک شخص نے اپنی بیوی کا گلا کاٹ دیا اور خود بھی گلا کاٹ کر خودکشی کی کوشش کی ۔ یہ واقعہ آندھراپردیش کے ضلع اننت پور کے تاڑی پتری میں پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شادی کی پہلی رات ہی ان دونو ں میں کسی مسئلہ پر جھگڑا ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق تاڑی پتری کے رہنے والے 25سالہ فقیر اپا اور 20سالہ وجئے لکشمی کی آٹھ مارچ کو شادی ہوئی تھی ۔ کل ان کے کمرہ کا دروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود دروازہ نہ کھولنے پر ان کے رشتہ داروں کو شبہ ہوا جنہوں نے کمرہ کا دروازہ توڑ دیا جہاں لڑکی کی لاش خون میں لت پت پائی گئی جبکہ فقیراپا بھی زخمی حالت میں وہاں پڑا تھا اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس کے بعد پولیس نے وجئے لکشمی کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی جبکہ فقیراپا کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرادیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے ۔اس واقعہ کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ۔ پولیس وجوہات معلوم کی کوشش کررہی ہے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کرد ی ہے ۔

 

پرکاشم ضلع میں بسیں ایک دوسرے سے ٹکراگئیں 40مسافرین زخمی

حیدرآباد7مارچ(یواین آئی)آندھراپردیش کے پرکاشم ضلع کے دورنال منڈل کے چنتل گھاٹ کے قریب دو آرٹی سی بسیں ایک دوسرے سے ٹکراگئیں جس کے سبب 40مسافرین زخمی ہوگئے ۔ اس حادثہ میں زخمی مسافرین میں دس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔حادثہ کے بعد وجئے واڑہ ڈپو کی آر ٹی سی بس کھائی میں گر گئی زخمیوں میں چار کمسن بچے بھی شامل ہیں۔ وجئے واڑہ سے سری سیلم جانے والی آر ٹی سی بس کو بینگن پلی ڈپو کی ایک اور آر ٹی سی بس نے ٹکر دے دی ۔اس حادثہ میں وجئے واڑہ کی آر ٹی سی بس پلٹیاں کھاکھر کھائی میں گر گئی ۔ کھائی میں بڑے درخت ہونے کے سبب ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ زخمیوں کو علاج کیلئے فوری اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ آندھراپردیش کے وزیر ٹرانسپورٹ سدھا راگھو نے اس حادثہ کی جانچ کے احکام جاری کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثہ میں کسی کی موت نہیں ہوئی ہے ۔ تمام کو دوناکل کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں پر ان کا علاج کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثہ کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے انہو ں نے اعلی افسروں کو فوری جائے حادثہ پر پہونچنے کی ہدایت دی ہے ۔

 

اے پی کے صدر مقام کیلئے زبردستی کسانوں کی اراضی حاصل کرنے پر بھوک ہڑتال کرنے کاپون کلیان کا اعلان

حیدرآباد۔5مارچ( یواین آئی ) تلگو فلموں کے مشہور اداکار و جناسینا پارٹی کے سربراہ پون کلیان نے آندھراپردیش کے مجوزہ دارالحکومت کے علاقہ کے کسانوں سے ملاقات کی ۔انہوں نے اعلان کیا کہ زبردستی طور پر کسانوں کی اراضی حاصل کرنے کی بات ثابت ہوتی ہے تو وہ کسانوں کے مفادات پر غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کریں گے ۔ انہوں نے وزیراعلی چندرابابونائیڈو سے اپیل کی کہ 33000ایکر اراضی پر دارالحکومت کی تعمیر کے فیصلہ پر دوبارہ غور کریں۔ انہوں نے کہا ‘‘ میں آندھراپردیش کے دارالحکومت کے شہر کی تعمیر کے خلاف نہیں ہوں لیکن صدرمقام دیہاتیوں کے آنسووں پر تعمیر نہیں کیا جانا چاہئے’’۔انہوں نے سوال کیا کہ آیا دارالحکومت کے لئے 33ہزار ایکر اراضی درکار ہوگی ۔ پون کلیان جو سابق مرکزی وزیر چرنجیوی کے چھوٹے بھائی ہیں نے کہا کہ نئے دارالحکومت کے لئے صرف اسی وقت زرخیز اراضی حاصل کی جائے جب کوئی متبادل نہ ہو۔ گنڈاولی گاوں میں جہاں ان کا گرمجوشانہ طور پر خیرمقدم کیا گیا ’ کسانوں نے کہا کہ وہ دارالحکومت کے لئے اپنی اراضی نہیں دینا چاہتے ۔ ان کسانوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے لئے وہ اراضی دینے تیار ہیں۔ انہوں نے نئے دارالحکومت کے لئے اراضی دینے سے انکار کرنے والے ضلع گنٹور کے تلورو منڈل کے کسانوں کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ لینڈ پولنگ طریقہ کار کے مطابق اراضی حاصل کئے جانے پر حکومت سے بات چیت کریں گے اور تمام کسانوں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور کی طرز پر آندھراپردیش کا بڑا دارالحکومت ہونا چاہئے ۔
واضح رہے کہ پون کلیان نے عام انتخابات میں تلگودیشم اور بی جے پی اتحاد کے لیے مہم چلائی تھی

 

کانسٹبل نے معذور حاملہ خاتون کی عصمت دری کی
حیدرآباد5مارچ(یواین آئی) آندھراپردیش کے ایلورو میں ایک کانسٹبل نے معذور حاملہ خاتون کی عصمت دری کی ۔ ویمن اینڈ ٹریفکنگ پولیس اسٹیشن میں ہیڈ کانسٹبل کے طور پر کام کرنے والے روی کمار نے جسم فروشی کے اڈہ پر چھاپہ مارا ۔اسی دوران ایک معذور حاملہ خاتون کی تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کانسٹبل نے اس کی عصمت دریکی ۔ خاتون نے پولیس سے اس بات کی شکایت کی جس کے بعد ٹو ٹاؤن پولیس نے معاملہ درج کرلیا ۔اس خاتون کا بیان لیا گیا ۔ اس واقعہ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ضلع ایس پی نے کانسٹبل روی کمار کو معطل کردیا ۔


Advertisment

Advertisment