Today: Wednesday, September, 26, 2018 Last Update: 10:44 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

SPORTS NEWS   

مرلی اور رہانے نے ہندوستان کو بحران سے نکالا

 

وجے کی شاندار سنچری اور رہانے کی نصف سنچری کی بدولت ٹیم انڈیا نے 4وکٹ کے نقصان پر پہلے دن311رن بنائے

برسبین، 17 دسمبر (یو این آئی) مرلی وجے (144) اور اجنکیا رہانے (ناٹ آؤٹ 75) کی بہترین اننگز کی بدولت ہندستان نے آج آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن یہاں ابتدائی جھٹکوں سے باہر نکلتے ہوئے چار وکٹ پر 311 کا قابل اطمینان اسکور کھڑا کرلیا۔چوٹ کے بعد واپسی کرنے والے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن ٹیم کا آغاز لڑکھڑانے والا رہا اور چائے کے وقفہ تک اس نے 151 رن جوڑ کر تین وکٹ گنوا دیئے۔ ہندستان نیپہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 83 اووروں میں چار وکٹ پر 311 رن بنائے۔ ہندستان کے ابھی چھ وکٹ محفوظ ہیں اور بلے باز اجنکیا 75 اور روہت شرما 26 کے اسکور پر ناؤٹ آؤٹ ہیں۔سلامی بلے باز مرلی نے میچ میں ہندستان کی صورتحال کو مضبوط بنائے رکھا اور اپنے کریئر کی پانچویں ٹسٹ سنچری لگائی۔ مرلی نے 213 گیندوں میں 22 چوکے لگائے اور 144 رنوں کی اننگز کھیلی جو ان کی اس سیریز کی اب تک کی سب سے زیادہ اننگز میں ہے۔ مرلی نے رہانے کے ساتھ مل کر چوتھے وکٹ کے لئے 124 رنوں کی مضبوط ساجھیداری کرکے ہندستان کا اسکور 300 کے پار پہنچانے میں اہم تعاون دیا۔مرلی کی یہ آسٹریلیا کے خلاف چوتھی ٹسٹ سنچری ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے ٹسٹ میں اپنے دو ہزار رنز بھی مکمل کرلئے۔ اس سے پہلے رہانے نے ٹسٹ میں اپنی چھٹی ہاف سنچری بنائی اور اوپننگ آرڈر کے اہم بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندستان کے لئے مضبوط رفاقت نبھائی۔ حالانکہ ایڈیلیڈ ٹسٹ کے مین آف دی میچ اسپنر ناتھن لیون نے مرلی کو بریڈ ہیڈن کے ہاتھوں کیچ کرا کر یہ شراکت توڑ دی مگر چھٹے نمبر پر بلے بازی کے لئے آئے روہت شرما 34 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رن بنا کر رہانے کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔تاہم اس سے پہلے گابا کی اچھال بھری پچ پر ہندستان کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ شکھر دھون ایک بار پھر ناکام ہوئے اور پہلے ٹسٹ کی طرح اس بار بھی ان کی کارکردگی مایوس کن رہی اور 39 گیندوں میں 24 رن بنا کر مشیل مارش کی گیند پر ہیڈن کو کیچ دے بیٹھے۔ مشیل کا یہ پہلا ٹسٹ وکٹ تھا۔ میچ میں آسٹریلیا کی فیلڈنگ اچھی رہی اور پہلے دن گرنے والے سبھی چار وکٹ میں ہیڈن نے کیچ پکڑے۔ دھون جس وقت آؤٹ ہوئے ہندستان کا اسکور 56 رن تھا۔ اس کے بعد چیتیشور پجارا 18 رن بنا کر اپنا پہلا ٹسٹ کھیلنے والے تیز گیندباز جوش ہیزل وڈ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ہیزل وڈ نے 152 اوور میں 44 رن دے کر دو وکٹ لئے جبکہ مشیل نے چھ اووروں میں 14 رن پر اور لیون نے 20 اووروں میں 87 رن پر ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ جبکہ گابا کی پچ پر مشیل جانسن جن سے کافی امید تھی، کچھ خاص نہیں کرسکے اور انہیں ایک بھی وکٹ نہیں ملا۔ایڈیلیڈ ٹسٹ میں ہندستان کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے وراٹ کوہلی اس بار جم کر نہیں کھیل سکے اور 27 گیندوں میں ایک چوکا لگا کر 19 رن جوڑنے کے بعد ہیزل وڈ کا شکار بن گئے۔ یہ تیسرا وکٹ 137 کے اسکور پر گرا۔ گابا کی تیز پچ پر توقع کے مطابق ہندستانی بلے بازوں کو کھیلنے میں کچھ دقتیں ضرور پیش آئیں۔ وراٹ ہیزل وڈ کی 135 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آتی گیند پر غلط شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

 

 

...


Advertisment

Advertisment