Today: Monday, November, 19, 2018 Last Update: 10:57 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

SPORTS NEWS   

یوراج اور ظہیر کے ستارے گردش میں،آئی پی ایل کی فرنچائزی ٹیموں نے بھی چھوڑا ساتھ

 

نئی دہلی،16 دسمبر (یواین آئی)عالمی کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں منتخب نہ کئے جانے والے آل راؤنڈر یوراج سنگھ اور تیز گیند باز ظہیر خان کے ستارے مسلسل گردش میں ہیں اور اب تک آئی پی ایل کی ان کی فرنچائزی ٹیموں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔یوراج کو آئی پی ایل ۔سات کی نیلامی میں چودہ کروڑ روپے کی سب سے مہنگی قیمت پر خریداگیا تھا لیکن 2011 عالمی کپ کا یہ مین آف دی ٹورنامنٹ اب بی سی سی آئی کے ساتھ ساتھ آئی پی ایل ٹیموں سے بھی دور ہوتا جارہا ہے۔وراٹ کوہلی کی زیر قیادت رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم نے یوراج کو آئی پی ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے لئیاپنی ٹیم سے ریلیز کردیا ہے۔آئی پی ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے لئے کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کا کل آخری دن تھا۔ اسی طرح ممبئی انڈین نے ظہیر خان کو بھی ریلیز کردیا ہے۔ظہیر خان چوٹ کی وجہ سے موجودہ رنجی سیزن میں بھی ابھی گیند بازی کا آغاز نہیں کرسکے ہیں۔ یوراج اور ظہیر کے ساتھ ساتھ لیفٹ آرم اسپنر پرگیان اوجھا ، لیگ اسپنر امت مشرا اور آل راؤنڈر عرفان پٹھان، آئی پی ایل ۔7 کے سب سے مہنگے کھلاڑی اور وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک ، اوپنر مرلی وجے ، بلے باز چتیشور پجارا ، میڈیم تیز گیند باز پروین کمار ا ورآل راؤنڈر لکشمی رتن کی بھی چھٹی کردی گئی ہے۔غیر ملکی کھلاڑیو ں میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن ، سری لنکا کے متیاہ مرلی دھرن، جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈرجیکس کیلس ، تیز گیند باز ایل بی مرکل اور وائنے پارنیل، ویسٹ انڈیز کے تیز گیند بازروی رام پال اور ڈیرن سیمی ، آسٹریلیا کے بریڈ ہاج، آرون فنچ، بن ہلفنہاس اور مائیکل ہسی اور نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر کو بھی نظرانداز کردیا گیا ہے۔اس درمیان رائل چیلنجر بنگلور نے لیفٹ آرم اسپنر اقبال عبداللہ سے معاہدہ کیا ہے، جو پچھلے ایڈیشن میں راجستھان رائلز کی طرف سے کھیلے تھے۔بنگلور ٹیم نے کولکتہ نائٹ رائڈرس کے وکٹ کیپر مانویندر برلا کو حاصل کیا ہے اور پارتھیو پٹیل کو ممبئی انڈینس سے ریلیز کردیا گیا ہے۔ٹریڈنگ ونڈو میں ممبئی نے راجستھان سے نوجوان بلے باز انمکت چند اور کولکتہ سے تیز گیند باز ونے کمار کو خریدا ہے۔ممبئی نے ساتھ ہی مائکل ہسی اور پروین کمار کو ریلیز کردیا ہے جو اب 2015 کے سیشن کی نیلامی میں اتریں گے۔آئی پی ایل کا اگلا سیشن 8 اپریل سے 24 مئی تک کھیلا جائے گا۔ممبئی نے ظہیر خان اور پرگیان اوجھا سمیت کل آٹھ کھلاڑیوں کو ریلیزکیا ہے جس سے اس کے پاس اب اپنے پرس میں دس کروڑ روپے آگئے ہیں۔سن رائزرس حیدرآباد نے عرفان پٹھان اور ڈیرن سیمی سمیت دس کھلاڑیوں کو ریلیز کیا ہے اور اسکے پاس بیس پوائنٹ پچاسی کروڑ روپے آگئے ہیں۔دہلی ڈیرڈیولس نے کارتک اور پیٹرسن سمیت سب سے زیادہ تیرہ کھلاڑیوں کو ریلیز کیا ہے اور اس کے پاس چالیس کروڑ روپے آگئے ہیں۔بنگلور نے یوراج سمیت سات کھلاڑیوں کو ریلیز کیا ہے اور اس کے پاس اکیس کروڑ روپے آگئے ہیں۔ کولکتہ نے کیلس سمیت تین کھلاڑیوں کو ریلیز کیا ہے اور ان کے پاس تیرہ کروڑ روپے آگئے ہیں اور پنجاب نے پجارا سمیت تین کھلاڑیوں کو ریلیز کیا ہے اور اس کے پاس گیارہ پوائنٹ آٹھ کروڑ روپے آگئے ہیں۔تنازعہ میں پھنسی چنئی سپرکنگ نے ہلفنہاس اور ڈیوڈ ہسی سمیت چار کھلاڑیوں کو ریلیز کیا ہے اور اسکے پاس پانچ کروڑ روپے آگئے ہیں۔راجستھان نے بریڈ ہاج اور کیون کوپر سمیت پانچ کھلاڑیوں کو ریلیز کیا ہے اور اس کے پاس تیرہ کروڑ روپے آگئے ہیں۔یہ فرنچائزی ٹیمیں اس رقم کا استعمال اگلے سال کی نیلامی میں کھلاڑیوں کو خریدنے میں کرسکیں گی۔

 

 

...


Advertisment

Advertisment