Today: Monday, September, 24, 2018 Last Update: 01:33 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

SPORTS NEWS   

بلند حوصلوں کیساتھ بیلجیئم کو ناک آوٹ کرنے اترے گا ہندوستان

 

بھونیشور 10 دسمبر (یو این آئی) میزبان ہندوستان کے 18 سال کے طویل عرصہ بعد ہالینڈ کے خلاف ملی بہترین جیت سے حوصلے بلند ہیں اور وہ جمعرات کو ہونے والی چیمپئن ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل میں بلیجیئم کو ناک آوٹ کرنے کے مقصد سے میدان میں اترے گی۔ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والی ہندوستان نے ٹورنامنٹ میں ابتدائی دو جھٹکوں سے نجات حاصل کرتے ہوئے ہالینڈ کے خلاف منگل کی رات 2۔3 کی زبردست جیت درج کی۔ کسی کو امید نہ تھی کہ ہندوستان کی ٹیم ہالینڈ کو شکست دے سکے گی لیکن کپتان سردار سنگھ کے جانبازوں نے کلنگا اسٹیڈیم میں یہ کارنامہ کردکھایا۔ ہندوستان اپنے پہلے میچ میں جرمنی سے 1۔0 سے اور ارجنٹینا سے 4۔2 سے ہار گیا تھا۔ مسلسل دو شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کو ہر کوئی کمزور تصور کررہا تھا لیکن ہندوستانی ٹیم نے شاندار واپسی کی اور ہالینڈ کے خلاف شاندار جیت درج کی۔ہندوستان اپنے پول بی میں تیسرے مقام پر رہا اور اب ناک آوٹ کوارٹرفائنل میں اس کے سامنے پول اے کی دوسرے نمبر کی ٹیم بیلجیئم کا چیلنج ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ایسا ہے کہ دونوں گروپ کی کْل آٹھ ٹیموں کو گروپ میچ کے اختتام کے بعد ناک آوٹ کوارٹرفائنل میں کھیلنا ہے۔

ہندوستانی کپتان سردار نے بیلجیئم کے خلاف ناک آوٹ کوارٹرفائنل کے بارے میں کہا کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر روزبہ روز آگے بڑھ رہے ہیں اور ہمارا ہدف کوارٹرفائنل میں سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرنا ہے۔ یہی پوری ٹیم کی کوشش ہے جس کی وجہ سے ہمیں ہالینڈ کے خلاف جیت درج کرنے میں مدد ملی۔ پچھلے دو میچوں میں کی گئی غلطیوں سے ہم نے سبق لیا ہے اور کوارٹرفائنل میں ہم زیادہ محنت کریں گے۔ ٹیم کے ہائی پرفارمینس ڈائرکٹر رولینٹ اولٹمینس نے کہا کہ ہالینڈ کے خلاف ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا۔ اس کا سارا سہرا ٹیم کو جاتا ہے۔ ہالینڈ کے خلاف انہوں نے ٹیم کو ملے موقعوں کو گول میں تبدیل کیا جس سے ٹیم کو جیت ملی۔ ہم بیلجیئم کے خلاف ہونے والے کوارٹرفائنل میچ پر توجہ دے رہے ہیں اور ہم یقینی کریں گے کہ یہ آگے بھی برقرار رہے۔ ہندوستانی ٹیم نے ہالینڈ کے خلاف پنالٹی کارنر پر ملے موقعوں کا صحیح استعمال کیا تھا اور اسے یہ سلسلہ بیلجیئم کے خلاف بھی برقرار رکھنا ہوگا کیونکہ ٹیم کو یہ علم ہے کہ بیلجیئم ایک خطرناک ٹیم ہے جو ٹورنامنٹ میں الٹ پھیر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بیلیجئم گروپ میچ میں ایک بھی میچ نہیں ہارا تھا۔ اس نے پاکستان کو 1۔2 سے ہرایا تھا جبکہ عالمی چیمپئن کے خلاف اس کا مقابلہ 4۔4 سے برابر رہا تھا۔ بیلجیئم نے پول کی نمبر ایک ٹیم انگلینڈ سے 1۔1 کا ڈرا کھیلا تھا۔ہالینڈ ہندوستان سے ہارنے کے باوجود پول میں چوٹی پر رہا۔ اس کا کوارٹرفائنل میں پول 147اے 148 کی چوتھے نمبر کی ٹیم پاکستان کے ساتھ مقابلہ ہوگا جسے عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے ایک دیگر میچ میں 0۔3 سے ہرایا ۔ دو دیگر کوارٹر فائنل میں پول اے کی نمبر ایک ٹیم انگلینڈ کا مقابلہ پول بی کی چوتھے نمبر کی ٹیم جرمنی سے ہوگا جبکہ آسٹریلیا کا سامنا ارجنٹینا سے ہوگا۔ ناک آوٹ کوارٹرفائنل آٹھوں ٹیموں کے لئے سخت ہوگا کیونکہ یہاں جیتنے والی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچے گی جبکہ ہارنے والی ٹیموں کو پانچویں سے آٹھویں مقام کے لئے کھیلنا ہوگا۔

 

 

...


Advertisment

Advertisment