Today: Monday, September, 24, 2018 Last Update: 10:44 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

SPORTS NEWS   

کنگاروپوری شان سے سیمی فائنل میں

 

خراب بیٹنگ اور فیلڈنگ پاکستان کو لے ڈوبی،6وکٹ سے شکست کھاکر گھر واپس ،آسٹریلیا 26مارچ کو ہندوستان سے لے گا لوہا
ایڈیلیڈ20مارچ(آئی این ایس انڈیا)جوش ہیزل و وڈ کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد شین واٹسن اور اسٹیون اسمتھ کی نصف سنچریوں کی مددسے آسٹریلیا نے آج یہاں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں پاکستان کو6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں ہندوستان سے دلچسپ مقابلے کی بنیاد رکھی۔پاکستان کے 214رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا نے واٹسن کی 66گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 64رن کی اننگ کے علاوہ اسمتھ(69گیند میں 65رن)کے ساتھ ان کی چوتھے وکٹ کی 89اور گلین میکسویل (29گیند میں ناٹ آؤٹ 44)کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے صرف 7.1اوور میں 68رن کی اٹوٹ شراکت کی مدد سے 97گیندوں کے باقی رہتے چاروکٹ پر 216رنز بنا کر جیت درج کی۔پاکستان کو خراب فیلڈنگ کا بھی خمیازہ بھگتنا پڑا اور اس کے فیلڈروں نے واٹسن اور میکسویل کو زندگی دی جس سے آسٹریلیا کی جیت آسان ہوئی۔آسٹریلیا اب 26مارچ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈپرہونے والے سیمی فائنل میں ہندوستان سے بھڑے گا۔اس سے پہلے ہیزل و وڈ(35رن پر 4 وکٹ)کی دھارداربالنگ کے سامنے پاکستان کی ٹیم 49.5اوور میں 213رنز پر ڈھیر ہو گئی۔مشیل ا سٹارک اور میکسویل نے ہیزل ووڈکا اچھا ساتھ نبھاتے ہوئے بالترتیب 40اور 43رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔مشیل جانسن اور جیمزفاکنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔آسٹریلیا کی بھی شروعات اچھی نہیں رہی۔سلامی بلے باز آرون فنچ(02)اننگز کے تیسرے اوورمیں ہی سہیل خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔انہوں نے ریفرل بھی لیا لیکن تیسرے امپائر نے بھی میدانی امپائر کے فیصلے کو صحیح قرار دیا۔دوسرے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے کچھ جاندار شاٹس لگائے لیکن وہ بھی 23گیند میں تین چوکوں کی مددسے 24رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد وہاب ریاض(54رنز پر2 وکٹ)کا شکار بنے۔
وہاب نے کلارک کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر اترے واٹسن کو بھی کافی پریشان کیا۔واٹسن کئی بار آؤٹ ہونے سے بچے۔وہاب کی گیند پر ہی چار رن کے ذاتی اسکور پرفائن لیگ پر راحت علی نے ان کا آسان کیچ ٹپکایا۔واٹسن نے اسمتھ کے ساتھ مل کر آسٹریلیا کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔اسمتھ نے تال میں بلے بازی کی اور انہیں کسی بھی بالر کا سامنا کرنے میں کوئی خاص پریشانی نہیں ہوئی۔آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان نے راحت علی پر چوکے کے ساتھ صرف 51گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی۔واٹسن نے بھی اس کے بعد رنگ میں آتے ہوئے سہیل خان کے اوور میں دو چوکے مارے۔اسمتھ نے شاہد آفریدی پر چوکا مارا لیکن احسان عادل نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔انہوں نے 69گیندوں کی اپنی اننگز میں سات چوکے مارے۔میکسویل نے آتے ہی راحت علی پر چوکا لگایا لیکن اگلے اوور میں انہیں زندگی ملی جب وہ وہاب کی گیند کو ہوا میں لہرا گئے لیکن سہیل کیچ نہیں پکڑ پائے۔وہاب نے دونوں ہی بار کیچ چھوٹنے پر اپنی ناراضگی کا کھل کر اظہار کیا۔میکسویل نے اس کے بعد وہاب پر مسلسل دو چوکے مارے جبکہ احسان عادل کی مسلسل دو گیندوں کو چوکے اور چھکے لئے بھیجا۔واٹسن نے احسان عادل پر ایک رن کے ساتھ 58گیندوں میں اپنی 33ویں نصف سنچری مکمل کی۔واٹسن نے سہیل خان پر چوکا جڑکر آسٹریلیا کو جیت دلائی۔میکسویل نے اپنی اننگز میں پانچ چوکے اور دو چھکے مارے۔پاکستان کی شروعات خراب رہی۔فارم میں چل رہے اوپنر سرفراز احمد 16گیند میں 10رن بنانے کے بعد اسٹارک کا شکار بنے۔انہوں نے سلپ میں واٹسن کو کیچ دیا۔سرفراز کے سلامی جوڑی دار احمد شہزاد(05)بھی ہیزل و وڈ کی گیند پر کلارک کو کیچ دے بیٹھے جس سے ٹیم کا اسکور دو وکٹ پر 24رن ہو گیا۔حارث اور مصباح نے تیسرے وکٹ کے لئے 73رن جوڑ کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔مصباح نے میکسویل پر دو چھکے مارے لیکن اسی اسپنر کی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں آرون فنچ کو کیچ دے بیٹھے۔کپتان نے 59گیندوں کی اپنی اننگز میں ایک چوکا اور دو چھکے مارے،وہ اس سے پہلے خوش قسمت رہے جب ہیزل و وڈ کی گیند اسٹمپ سے ٹکرائی لیکن بیل نہیں گری۔جانسن نے اس کے بعد حارث کو وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کے ہاتھوں کیچ کرایا جبکہ میکسویل نے عمر اکمل(20)کو پویلین بھیج کر پاکستان کا اسکور پانچ وکٹ پر 124رن کیا۔شاہد آفریدی نے 15گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23رن کی اننگ کھیل کر کچھ امید جگائی لیکن یہ جارحانہ بلے باز ہیزل و وڈ کی گیند پر باؤنڈری پرفنچ کو کیچ دے بیٹھے۔عادل اور راحت نے اس کے بعد ٹیم کا اسکور 200رن کے پار پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔فاکنر نے عادل کو ا سٹارک کے ہاتھوں کیچ کراکر پاکستان کی اننگز کو سمیٹا۔

 

 

...


Advertisment

Advertisment