Today: Wednesday, November, 14, 2018 Last Update: 11:19 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

SPORTS NEWS   

سنگاکارا اوردلشان کے دم پرلنکا نے اسکاٹ لینڈ کو روندا

 

کمار سنگاکارا کی تاریخ ساز اننگ ،مسلسل چوتھی سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز،دلشان نے بھی بنائی طوفانی سنچری،اسکاٹ لینڈ کی148رنوں سے شکست
ہوبرٹ11مارچ(آئی این ایس انڈیا)مسلسل چار ون ڈے میچوں میں سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بنے کمار سنگاکارا کی اننگز کے دم پر سری لنکا نے ورلڈ کپ پول اے کے میچ میں آج اسکاٹ لینڈ کو 148رنز سے ہرایا۔سنگاکارا نے 95گیندوں میں 124رنز بنائے جبکہ تلک رتنے دلشان نے 104رنز کی اننگز کھیلی جس کی مدد سے سری لنکا نے9 وکٹ پر 363رن بنائے۔جواب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 43.1اوور میں 215رنز پر آؤٹ ہو گئی۔کپتان پریسٹن مومسین(60) اورفریڈی کولمین(70)نے چوتھے وکٹ کے لئے 118رن جوڑے۔ان کے علاوہ کوئی بلے باز زیادہ دیر ٹک نہیں سکا،سری لنکا کیلئے فاسٹ بولر نوان کلشیکھرا اور دشمنتا چامیرا نے تین تین وکٹ لئے۔سنگاکارا نے دو کیچ بھی لپکے اور ایڈم گلکرسٹ کو پچھاڑکر ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ بلے بازوں کا شکار کرنے والے وکٹ کیپر بن گئے۔سنگاکارا کے نام 54شکار درج ہو گئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ نے 52بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔سری لنکا نے 6 لیگ میچوں میں سے 4 جیتے اور ابھی یہ طے نہیں ہے کہ 18مارچ کو سڈنی کرکٹ میدان پر ہونے والے پہلے کوارٹر فائنل میں اس کا سامنا کس سے ہو گا۔اسکاٹ لینڈ کی یہ مسلسل پانچویں شکست تھی اور ٹیم اب سنیچر کو یہاں آسٹریلیا کے خلاف آخری لیگ میچ کھیل کر وطن روانہ ہو جائے گی۔ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو الوداع کہنے جا رہے سنگاکارا نے بنگلہ دیش کے خلاف 105، انگلینڈ کے خلاف ناٹ آؤٹ 117اور آسٹریلیا کے خلاف 104رنز بنائے تھے۔
سنگاکارا موجودہ عالمی کپ میں 6 میچوں میں سب سے زیادہ 496رنز بنا چکے ہیں جبکہ دلشان 395رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہے۔دونوں نے دوسرے وکٹ کیلئے 195رنز کی شراکت کی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے والے سری لنکا نے پہلا وکٹ چھٹے ہی اوور میں گنوا دیا تھا جب لاہرو ترمننے ایلیسڈییر ایونز کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔اسکاٹ لینڈ کو اگلی کامیابی کیلئے 35ویں اوور تک انتظار کرنا پڑا۔سنگاکارا اور دلشان نے 34ویں اوور میں کائل کویتجر کی مسلسل دو گیندوں پر اپنی سنچری پوری کی۔دلشان نے ایک رن لے کر ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری سنچری لگائی جبکہ سنگاکارا نے اگلی گیند پر دو رن لے کر یہ عدد چھو لیا۔ون ڈے کرکٹ میں مسلسل تین سنچری جڑنے والے6 بلے بازوں کو سنگاکارا نے پچھاڑا۔ان میں پاکستان کے ظہیر عباس اور سعید انور، جنوبی افریقہ کے ہرشل گبس، اے بی ڈویلیرس اور کونٹن ڈکاک اور نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر شامل ہیں۔دلشان نے اس سے پہلے بنگلہ دیش کے خلاف ناٹ آؤٹ161رن بنائے تھے۔وہ فاسٹ بالر جوش ڈیوی کی گیند پر کیچ دے کر آؤٹ ہوئے۔ڈیوی نے مہیلا جے وردھنے اور سنگاکارا کو مسلسل دو گیندوں پر آؤٹ کیا۔سری لنکا ایک وکٹ پر 216رنز سے چار وکٹ پر 244رن پر پہنچ گیا۔کپتان انجیلو میتھیوز نے بعد میں 21گیند میں 51رن بنائے جس میں اسپنر میٹ مچان کو مسلسل چار چھکے شامل ہیں۔ایک وقت پر ایک وکٹ پر 216رنز بنا چکی سری لنکا نے آٹھ وکٹ 147رن کے اندر اندر گنوا دئے۔

 

 

...


Advertisment

Advertisment