Today: Friday, September, 21, 2018 Last Update: 10:43 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

SPORTS NEWS   

افریقی شیروں کے سامنے آئر لینڈ چاروں شانے چت

 

ہاشم آملہ اور فاف ڈوپلیسیس کی طوفانی سنچریوں کی مدد سے جنوبی افریقہ نے عالمی کپ میں لگاتار دوسری مرتبہ 400رنوں کا ہندسہ پارکیا،آئرلینڈ کو201رنوں سے دی شکست

کینبرا، 3 مارچ (یو این آئی) سلامی بلے باز ہاشم آملہ (159)اور فاف ڈوپلیسیس (109) کی شاندار سنچری اور ان کے مابین 247رن کی ریکارڈ ساجھیداری کی بدولت خطاب کی مضبوط دعویدار جنوبی افریقہ نے آئرلینڈ کو کرکٹ کا سبق یاد دلاتے ہوئے عالمی کپ کے پول بی مقابلے میں منگل کو 201رن کی بڑی شکست دیتے ہوئے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اووروں میں چار وکٹ پر 411 رن بنائے جو ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑ ا اسکور ہے ۔ اس بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری آئرلینڈ کی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور ٹیم45 اووروں میں 201رن ہی بناسکی۔ جنوبی افریقہ کی چار میچوں میں یہ تیسری جیت ہے اور اس نے ناک آوٹ مرحلے میں اپنا مقام یقینی بنالیا ہے ۔ آئرلینڈ کو تین میچوں میں اپنی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ آملہ نے 128گیندوں میں 16چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 159رن بنائے جبکہ ڈوپلیسیس نے 109 گیندوں میں 109 رن میں 10 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ دونوں کھلاڑیوں نے جنوبی افریقہ کی طرف سے عالمی کپ میں دوسرے وکٹ کے لئے 247 رن کی ریکارڈ رفاقت نبھائی۔ جنوبی افریقہ نے اس طرح ٹورنامنٹ میں دوسری مرتبہ 400 رن سے زیادہ رن بھی بنائے ۔ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر الٹ پھیر کرنے والی آئرلینڈ کی ٹیم اس عظیم اسکور کے سامنے ٹک نہیں پائی۔ حالانکہ اینڈی بالبرنی نے 58، کیون اوبرائن نے 48 اور میکس سورنسن نے 22رن کی اننگز کھیلی لیکن جنوبی افریقہ کے تیزگیندبازوں کائل ایبوٹ نے 21 رن پر چار وکٹ ، ڈیل اسٹین نے 39 رن پر دو وکٹ اور مورن مورکل نے 34 رن پر تین وکٹ لے کر آئرلینڈ کی کمر توڑ دی۔ آئرلینڈ اپنے پانچ وکٹ 48 رن پر گنوانے کے بعد مقابلے میں واپسی نہیں کرسکی حالانکہ بالبرنی اور کیون اوبرائن نے چھٹے وکٹ کے لئے 81 رن جوڑ کر آئرلینڈ کو بڑی شکست کی شرمندگی سے بچا لیا ۔ پچھلے میچ میں پانچ وکٹ لینے والے لیگ اسپنر عمران طاہر 50 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لے پائے جبکہ کپتان اے بی ڈی ویلئرس نے سات رن پر ایک وکٹ لیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 50 اوور میں چار وکٹ پر 411رن بنائے ۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں کسی ٹیم کا اب تک سب سے بڑا اسکور ہے ۔ اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے ہی اپنے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 408 رن کا عظیم اسکور بنایا تھا۔ سلامی بلے باز آملہ نے 159 رن کی بہترین اننگ کھیلی جو ان کی 20 ویں سنچری ہے ۔ یہ ان کے ون ڈے کیریر کی سب سے بہترین اننگز ہے ۔ آملہ کو ان کی اس اننگ کے لئے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پلیسیس نے 109 رن بنائے جو ان کے ون ڈے کیریر کی چوتھی سنچری ہے ۔ ڈو پلیسیس نے آملہ کے ساتھ عالمی کپ میں دوسرے وکٹ کے لئے 247 رن کی ریکارڈ اننگز کھیلی جو دوسرے وکٹ کے لئے جنوبی افریقہ کی طرف سے سب سے بڑی اننگز ہے ۔جنوبی افریقہ کے اسکور کو 400 تک پہنچانے میں ریلی روسیو (ناٹ آوٹ 61) اور ڈیوڈ ملر )ناٹ آوٹ 46) نے اہم کردار ادا کیا اور پانچویں وکٹ کے لئے 110 رن کی ناٹ آوٹ رفاقت نبھائی۔ آئرلینڈ کی جانب سے اینڈی میک برائن نے دس اوور میں 63 رن پر سب سے زیادہ دو وکٹ لئے جبکہ جان مونی نے سات اوور میں 52 رن پر ایک وکٹ اور کیون اوبرائن نے سات اوور میں 95 رن دے کر ایک وکٹ اپنے نام کیا۔جنوبی افریقہ کا پہلا وکٹ کوئنٹن ڈی کاک کے طور پر تیسرے اوور میں ہی گر گیا اور وہ صرف ایک رن کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہو گئے ۔کاک کے پویلین لوٹنے کے بعد میدان پر اترے ڈو پلیسس نے آملہ کے ساتھ ورلڈ کپ میں دوسرے وکٹ کے لیے 247 رنز کی شراکت نبھاتے ہوئے ٹیم کو 259 پر پہنچا دیا۔ڈو پلیسس 39 ویں اوور میں کیون او برائن کا شکار بنے اور شاندار سنچری کے طور پر 109رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔انہوں نے 109گیندوں کا سامنا کیا جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔اس کے بعد آملہ نے کپتان اے بی ڈیولیرس کے ساتھ مل کر ٹیم کو 299 تک پہنچایا اور وہ تیسرے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے ۔آملہ نے شاندار سنچری لگائی اور 128 گیندوں میں 16چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 159 رنز بنائے ۔آملہ کے آؤٹ ہونے کے بعد میکبران نے ڈیولیرس کو 24 رنز کے ا سکور پر چلتا کیا۔زبردست بلے باز اور جنوبی افریقی کپتان ڈیولیرس نے آتے ہی اپنا بلا چلانا شروع کر دیا تھا لیکن وہ آج کچھ خاص کرشمہ نہیں دکھا پائے اور میکبران کی گیند پر نیل او برائن کو کیچ تھما بیٹھے ۔انہوں نے نو گیندوں میں دو چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 24 رن بنائے ۔ڈیولیرس اور آملہ کے جانے کے بعد رولي روسیو اور ڈیوڈ ملر نے آخری اوورز میں تابڑتوڈ رن بٹورے ۔روسیو نے شاندار نصف سنچری بناتے ہوئے30 گیندوں میں چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 61 رن بنائے جبکہ ملر نے ٹیم کو 23 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے اڑاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 46 رنز بنائے ۔دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 110 رنز کی ناٹ آؤٹ ساجھے داری نبھائی۔

 

 

...


Advertisment

Advertisment