Today: Tuesday, November, 13, 2018 Last Update: 09:03 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

SPORTS NEWS   

سچن کے آخری ٹیسٹ کے جذباتی لمحات کو بیان کرتی نئی کتاب منظر عام پر

 

نئی دہلی13اکتوبر(آئی این ایس انڈیا)سچن تندولکر کے آخری ٹیسٹ سے جڑے تمام جذباتی پہلوؤں کو بیان کرتی نئی کتاب میں ان ڈھائی دنوں کو بخوبی بیان کیا گیا ہے۔مصنف صحافی دلیپ ڈسوزا کی کتاب’’فائنل ٹیسٹ ایکزٹ سچن تندولکر‘‘میں ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ سال نومبر میں کھیلے گئے تندولکر کے آخری ٹیسٹ کی تفصیلات ہیں۔اس کے علاوہ میدان کے اندر اور باہر کے مسائل کو بھی اس میں اٹھایا گیا ہے۔مصنف نے ان ڈھائی دنوں میں امڈتے جذبات کے طوفان اور ہندوستانی کرکٹ کے چہیتے کھلاڑی پر لوگوں کے پیار کی بوچھار کوقلم بند کیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ سچن جب سیڑھیوں سے اترکر میدان کی طرف بڑھتے ہیں تو لوگوں کے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل تھا۔ہم سب جانتے تھے کہ یہ لمحہ بہت بڑا ہو گا لیکن پھر بھی میں نے اتنے شور کا تصور نہیں کیا تھا جس سے کہ زمین سے لیکر آسمان تک کی مکمل فضاء گونج جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کے عظیم کھلاڑی کو دی جارہی وداعی تھی۔ ہندوستان نے وہ میچ 126رنز سے جیتا تھا اور تندولکر نے 74رنز بنائے تھے۔مصنف نے کہا کہ آخری ٹیسٹ میں ان کے پرستار میدان پر ان کی ایک آخری جھلک پانے کی دوڑ میں تھے اگر وہ ایسی اننگز نہیں کھیلتے تو سب کو مایوسی ہوتی۔انہوں نے کہا کہ اپنے آخری ٹیسٹ کا مقام اور وقت بھلے ہی انہوں نے خود طے کیا ہو لیکن کس طریقے سے وہ ریٹائرمنٹ لیں گے یہ انہوں نے طے نہیں کیا تھا۔ انجلی تندولکر نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اس کی عادی ہو گئی ہیں کہ اس کے شوہر پہلے ہندوستان کے ہیں پھر اس کے اور خاندان کے۔رینڈم ہاؤس انڈیا کی طرف سے شائع کتاب میں مصنف نے کھیل کے تاریخی لمحات کی تفصیلا ت بھی دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تندولکر نے جس طرح ہندوستانیوں کے دل ودماغ پر حکومت کی ہے اس سے کرکٹ سے ان کا ریٹائرمنٹ لینا لوگوں کیلئے تاریخی پل بن گیا تھا۔مصنف نے یہ بھی کہا کہ گانگولی ، کمبلے، دراوڑ اور لکشمن نے بھی ہندوستانی کرکٹ میں قابل ذکر شراکت دی ہے اور دنیا بھر میں ٹیسٹ جیتے ہیں لیکن تندولکر اتنی کم عمر میں چمکا تھا کہ اس کا انداز ہی دوسرا تھا۔چمک تمام ستاروں میں ہوتی ہے لیکن کوہی نور سب کو بے نور کر دیتا ہے۔

...


Advertisment

Advertisment