Today: Tuesday, November, 13, 2018 Last Update: 09:20 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

SPORTS NEWS   

ہندوستان سے شکست کھا نا ایک گناہ :عبدالقادر


اسلام آباد،16 فروری (یو این آئی)سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے ہندستان سے شکست کھا کر نہ صرف قوم کو مایوس کیا ہے بلکہ ایک گناہ کیا ہے ۔ اس شکست کے ذمہ دار کرکٹ ٹیم، تھنک ٹینک اور پاکستان کرکٹ بورڈ ہیں اور سعید اجمل بھی اس کا ذمہ دار ہے کیونکہ اس کی اس وقت قومی ٹیم کو شدت سے ضرورت ہے ۔پیر کے روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میچ کی سب سے زیادہ اہمیت پاکستان کے لئے تھی کیونکہ پاکستانی ٹیم کو اپنا پرانا داغ دھونا تھا اور ہندستان کا ادھار چکانا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ وہ سعید اجمل کو ورلڈ کپ میں شامل کرے اور سعید اجمل کو چاہئے کہ وہ ٹی وی پر آنے کی بجائے گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلے ابھی اس کی یہ عمر نہیں ہے کہ وہ ٹی وی پر آ کر تجزیے کرے ۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو چاہئے کہ وہ فوراً اجمل کو ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے آسٹریلیا بھیجے کیونکہ اس کی اس وقت ٹیم کو ضرورت ہے اور اگر سعید اجمل ورلڈ کپ نہیں کھیلنا چاہتا تو بورڈ نے اس پر لاکھوں روپے کیوں خرچ کئے اور اس سے پوچھا جائے کہ وہ کیوں نہیں کھیلنا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ جب پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کہا تھا کہ اگر کوئی کھلاڑی ان فٹ ہوا تو اس کی جگہ سعید اجمل کو کھلایا جائے گا لیکن ایسا نہیں کیا گیا اور جب حفیظ ان فٹ ہوا تو اس کی جگہ ناصر جمشید کو بلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کے اندر پسند اور ناپسند کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دیا جا رہا ہے اور بورڈ کی طرف سے کوئی چیک اور بیلنس نہیں کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ناصر جمشید کی جگہ شعیب ملک کو کھلایا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا کیونکہ اس کی کارکردگی ناصر جمشید سے زیادہ اچھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ اور تھنک ٹینک ابھی تک تجربات کر رہے ہیں جبکہ ورلڈ کپ کو 5 سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے اور بورڈ میں لوگوں کو سفارش سے لایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندستان نے تینوں شعبوں میں جس میں بالنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ شامل ہے اس میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور پاکستانی ٹیم کو ہرایا ہے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ سہیل خان اور وہاب ریاض نے عمدہ بالنگ کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمر اکمل کو سرفراز کی جگہ کیپر بناکر سرفراز کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے ۔ اور اس کو نہیں کھلایا جا رہا ہے ۔آئیرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے ۔آئندہ ہونے والے پاکستان کے میچوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میرے لئے زیادہ اہم پاکستان اور ہندستان کا میچ تھا اب آگے آنے والے میچوں میں پاکستان کے لئے اصل میچ جنوبی افریقہ کے ساتھ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کو آگے تمام ٹیموں کے ساتھ ہونے والے میچوں میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لینا چاہئے اور ہر ٹیم کے ساتھ پوری منصوبہ بندی کے ساتھ کھیلنے کی ضرورت ہے ۔

...


Advertisment

Advertisment