Today: Monday, September, 24, 2018 Last Update: 01:20 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

SPORTS NEWS   

بدعنوانی سے آزاد عالمی کپ کا انعقاد بڑا چیلنج:آئی سی سی


دبئی4فروری(آئی این ایس انڈیا) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کو محفوظ اور بدعنوانی سے آزاد رکھنا منتظمین کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ورلڈ کپ کا آغاز آسٹریلیا ۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ ۔ سری لنکا کے درمیان 14فروری کو ہونے والے مقابلوں سے ہوگا۔رچرڈسن کا کہنا ہے کہ اس بار سب سے زیادہ خرچ سیکورٹی پر کیا گیا ہے۔انہوں نے کل کہا کہ عالمی منظر نامے کو دیکھتے ہوئے سیکورٹی ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔اس ورلڈ کپ میں سیکورٹی پر سب سے زیادہ خرچ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے سفر اور رہنے پر سب سے زیادہ خرچ ہوتا تھا لیکن اس بار سیکورٹی پر زیادہ خرچ کیا گیا ہے۔عالمی کپ میں انعامی رقم کے بعد سب سے زیادہ خرچ سیکورٹی پر ہوا ہے۔رچرڈسن نے کہا کہ یہ ایک چیلنج ہے لیکن ہماری تیاری بہت اچھی ہے اور ٹورنامنٹ کو کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن ہم عالمی منظر نامے سے واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرا پہلو میچ فکسنگ اور اسپاٹ فکسنگ ہے۔اس طرح کا کوئی بھی واقعہ ٹورنامنٹ کیلئے بڑی ناکامی ہوگی،میرا خیال ہے کہ اس بار عالمی کپ کی بے مثال تیاریاں کی گئی ہیں۔جنوبی افریقہ کے سابق وکٹ کیپر نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ بدعنوانی سے آزاد ہو کیونکہ انسدادبدعنوانی اکائیوں اور مقامی پولیس نے کافی محنت کی ہے۔رچرڈسن نے کہا کہ اے سی یو گزشتہ دو تین سال سے نیوزی لینڈ پولیس اور آسٹریلوی پولیس کے ساتھ مل کر کافی محنت کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ورلڈ کپ کے مقابلے میں ہمارا خفیہ محکمہ کافی بہتر ہوا ہے۔گزشتہ عالمی کپ میں ہمیں پتہ ہی نہیں تھا کہ فکسر کون ہیں اور اپنا کام کیسے کرتے ہیں،اب ہمارے پاس ان کا تفصیلی ڈیٹا بیس ہے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں امیگریشن اور پولیس محکمہ کو ایسے سو سے زیادہ نام دئے جائیں گے تاکہ ان کھلاڑیوں کے قریب پہنچنے کی ہر کوشش کو ناکام کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہر وینیو میں اے سی یو کے دو اہلکار تعینات ہوں گے،وہ صرف میدانوں ہی نہیں بلکہ ہوٹلوں کی بھی نگرانی کریں گے۔رچرڈسن نے کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے بھی بیداری پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے باقاعدہ سیشن ہوں گے،ان کیلئے یہ پریشان کن ہو سکتا ہے لیکن فکسنگ کرنے والے لوگ ہمیشہ نئے طریقے تلاش کرتے رہتے ہیں اور ہم کھلاڑیوں کو اسے لے کر آگاہ رکھنا چاہتے ہیں۔
 

 

...


Advertisment

Advertisment