Today: Monday, September, 24, 2018 Last Update: 01:23 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

SPORTS NEWS   

پاکستان کیخلاف پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی 7وکٹ سے جیت

 

ایلیٹ کی آل راؤنڈر کارکردگی، آفریدی نے بنائی طوفانی نصف سنچری ، مصباح نے بھی دکھائے ہاتھ
ویلنگٹن31جنوری(آئی این ایس انڈیا)نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے دو میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔پاکستان نے ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے میزبان ٹیم کو 211رنز کا ہدف دیا جو اس نے آ سانی سے 40ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر اور گرانٹ ایلیٹ نے نصف سنچری بنائی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ان دونوں نے چوتھے وکٹ کیلئے 112رنز کی شراکت قائم کی۔اننگز کے آغاز میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور ابتدائی چار اوورز میں تقریباً 10 رنز فی اوور کے اوسط سے رن بنائے۔نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز برینڈن میک کولم تھے جو 17رنز کی مختصر مگر جارحانہ اننگز کھیل کر بلاول بھٹی کا شکار بنے۔ٹام لیتھم اور مارٹن گپٹل نے دوسرے وکٹ کیلئے 44رنز کی شراکت قائم کی جسے آفریدی نے لیتھم کو سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کے توڑا۔پاکستان کو تیسری کامیابی محمد عرفان نے گپٹل کو آؤٹ کر کے دلوائی جنھوں نے 39رنز بنائے۔اس کے بعد پاکستانی بالر مزید کوئی وکٹ نہ لے سکے اور میچ 39.3اوور میں نیوزی لینڈ کی فتح پر اختتام پذیر ہوا۔اس سے قبل شاہد آفریدی اور مصباح الحق کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستانی ٹیم 46ویں اوور میں 210رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز سے ہی پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔آفریدی اور مصباح کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر جم نہ سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ابتدا میں وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی رنز بنانے کی رفتار سست رہی اور اس نے 100رنز 29اوورز میں مکمل کئے۔حارث سہیل اور مصباح نے 49رنز کی اہم شراکت نے ٹیم کو کچھ سہارا دیا اور پھر بعد میں آفریدی نے مصباح کے ساتھ مل کر 6اوور میں 71رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ مصباح کے 58رنز بنا کر آؤٹ ہونے پر ہوا۔شاہد آفریدی نے اس میچ میں ایک مشکل وقت میں ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور اپنے روایتی انداز میں نصف سنچری بنائی۔آفریدی نے اپنے 50رنز صرف 22گیندوں میں بنائے جس میں 9چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔وہ 29گیندوں پر 67رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے 3جبکہ کائل ملز، ٹرینٹ بولٹ اور کورے اینڈرسن نے دو، دو وکٹیں لیں۔ایلیٹ کو میچ میں نصف سنچری اور3 وکٹوں کی آل راؤنڈ کاکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ایک روزہ میچوں کی سیریز کا یہ پہلا میچ تھا۔ یہ سیریز ورلڈ کپ 2015کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کی آخری سیریز ہے۔نیوزی لینڈ نے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کے خلاف 22ایک روزہ میچ چیتے ہیں اور 15ہارے ہیں۔ تاہم 2011میں نیوزی لینڈ میں پاکستان نے ون ڈے سیریز 2-3سے جیتی تھی۔
 

 

...


Advertisment

Advertisment