Today: Tuesday, November, 13, 2018 Last Update: 10:31 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

اخلاقیات کا درس دینے والی شاذیہ اب کریں گی ’نموجاپ‘


ستیش اپادھیائے اورپربھات جھا کی موجودگی میں پہنا بھگوا مفلر،
مودی کی قصیدہ خوانی کرتے ہوئے زندگی بھر بی جے پی میں رہنے کا اظہارعزم
نثاراحمدخان
نئی دہلی، 16جنوری (ایس ٹی بیورو) عام آدمی پارٹی کی بانی رکن اور پارٹی کے ٹکٹ پر گزشتہ الیکشن میں آرکے پورم اسمبلی حلقہ سے قسمت آزماکر شکست سے دوچار ہونے والی شاذیہ علمی نے آج باضابطہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اناآندولن کی سرگرم رکن اور سابق آئی پی ایس افسر کرن بیدی کے بی جے پی میں شامل ہونے کے ایک دن بعد ہی اروند کجریوال کی دوسری اہم ساتھی شاذیہ علمی نے بی جے پی کا دامن تھام لیا۔ اسی موقع پر گلوکارآنند راج آنندنے بھی بی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ شاذیہ علمی نے دہلی بی جے پی دفتر میں پارٹی کی دہلی کے ریاستی صدر ستیش اپادھیائے اور دہلی کے انچارج وممبر پارلیمنٹ پربھات جھا کی موجودگی میں انہوں نے بی جے پی کا کمل چھپا مفلر گلے میں پہن لیا۔ستیش اپادھیائے نے شاذیہ کے بی جے پی میں آنے کا اعلان کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں ان کی تعریفوں کے پل باندھے ۔ انہوں نے کہاکہ شاذیہ آپ ہی کی برادری (صحافی) سے رہی ہیں،جو کردار آج آپ ادا کر رہے ہیں مسلسل وہ ادا رہی ہیں ۔ مسٹراپادھیائے نے کہاکہ انّا تحریک میں انہوں نے فعال کردار ادا کیا ہے اورعورتوں و بچوں کیلئے کام کرتی رہی ہیں، چنانچہ شاذیہ کے آنے سے پارٹی مضبوط ہو گی اور جو بھی لوگ پارٹی میں آ رہے ہیں وہ اپنے اپنے علاقے کے ماہر ہیں۔اس موقع پر شاذیہ علمی نے کہا کہ وہ زندگی بھر کیلئے بی جے پی میں شامل ہوئی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ان کا الیکشن لڑنے کا من نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں سچے دل سے آپ کو بتا رہی ہوں کہ میں الیکشن نہیں لڑنا چاہتی۔ مجھے امید ہے کہ پارٹی میری اس خواہش کا احترام کرے گی اور مجھے ایسے ہی رکھے گی۔ علمی نے کہا کہ میں نے پہلے بی جے پی مخالف بیان دیئے ہیں، لیکن اب میں نے نریندر مودی کو ایک نئی نظر سے دیکھا ہے اورپارٹی جوائن کرنے کیلئے میں نے بی جے پی سے کچھ نہیں مانگا ہے۔
اس سے قبل آج صبح بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ سے ملاقات کے بعد شاذیہ نے میڈیا کے سامنے اس کی تصدیق کر دی۔ شاذیہ بی جے پی صدر امت شاہ سے ملنے ان کے گھر گئی تھیں۔ ملاقات کے بعد انہوں نے کہاکہ بہت اچھی ملاقات رہی۔ انہوں نے میرا زوردار استقبال کیا اور میں پارٹی جوائن کروں گی۔ شاذیہ نے سابق آئی پی ایس افسر کرن بیدی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انتظامیہ کا طویل تجربہ ہے اور وہ بہترین منتظم رہی ہیں، جس کا پارٹی کو فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ بی جے پی کا ’ماسٹر اسٹروک‘ ہے اور مجھے بھی ایسا ہی لگتا ہے۔ واضح رہے کہ شاذیہ علمی عام آدمی پارٹی کی بانی رکن رہی ہیں اورا نہوں نے لوک سبھا الیکشن کے بعد پارٹی سے استعفیٰ دے دیاتھا۔ اس کے بعد چند دنوں تک سرگرم سیاست سے دور رہی تھیں اور پھر بی جے پی کے ’سوچھ بھارت ابھیان‘ میں شامل ہوگئی تھیں جس کے بعد سے ہی یہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ وہ بی جے پی میں شامل ہوں گی۔ شاذیہ علمی نے اس قیاس آرائی کو ختم کرتے ہوئے آج باضابطہ طور پر بھگواچولا پہن لیاہے۔
 

 

...


Advertisment

Advertisment