Today: Monday, November, 19, 2018 Last Update: 11:25 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

وادی میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی ریکارڈ

 

سری نگر،10 جنوری (یو این آئی) وادی کشمیر میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ خطہ لداخ کے لیہہ اور کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے 16 ڈگری نیچے ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ سری نگر گذشتہ رات شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ سے بھی سرد تھا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4اعشاریہ 8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مطلع صاف اور خشک موسم رہنے کی وجہ سے سری نگر کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہورہی ہے۔ منفی درجہ حرارت کے نتیجے میں سری نگر میں ہفتہ کی صبح مختلف آبی ذخائر بشمول شہرہ آفاق جھیل ڈل منجمد پائے گئے۔ قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں 27 دسمبر کو سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جب یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5اعشاریہ 6 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ سری نگر میں کل دوپہر تک مطلع صاف رہے گا تاہم دوپہر کے بعد جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری اور منفی 4 ڈگری کے آس پاس ریکارڈ کیا جائے گا۔ شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت معمول سے پانچ ڈگری زیادہ یعنی منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وادی کے دوسرے شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 6اعشاریہ 4 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ ریاست میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم بحیرہ عرب سے اٹھنے والی تازہ سمندی ہوائیں 12 جنوری کو وادی کشمیر پہنچیں گی جس کے نتیجے میں یہاں بارش یا برف باری ہوسکتی ہے۔

 

 

 

...


Advertisment

Advertisment