Today: Tuesday, September, 25, 2018 Last Update: 06:39 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

قرآن صرف ذہنی مشق اور نظریاتی بحثوں کیلئے نہیں

 

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں منعقدہ دوروزہ سیمنار میں مقررین کا اظہار خیال* جامعہ کے وائس چانسلر طلعت احمد کے ہاتھوں ’ رجوع الی القرآن ۔اہمیت اور تقاضے ‘کااجراء

شمس آغازشمسی

نئی دہلی، 27ستمبر (ایس ٹی بیورو) ہماری کامیابی وکامرانی کا واحد ضامن قرآن کی تعلیمات میں مضمر ہے، اس پر غور وفکر تحقیق اور تصنیف کو فروغ دیا جائے۔ قرآن علم و تحقیق کا وہ گنجینہ ہے جس سے ہم علم کے بحر ذخار تک پہنچ سکتے ہیں۔ آج کے انسان نے حرص اور آز کی خواہش کیلئے جس طرح کی برائیوں کو فروغ دیا ہے اس سے ہم انتہائی نازک موڑ پر کھڑے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ’’سماجی برائیوں کا انسداد اور قرانی تعلیمات‘‘کے موضوع پر منعقدہ دوروزہ سیمینار کے افتتاحی سیشن میں مقررین نے کیا ۔اس موقع پر معروف اسکالر اور محقق پروفیسر عبد العظیم اصلاحی نے کہا کہ قرآن ہی وہ نجات دہندہ کتاب ہے، جس سے ہم دنیا میں پھیلی تمام برائیوں پر قابو پا سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ قرآن صرف ذہنی مشق اور نظریاتی بحثوں کیلئے نہیں بلکہ یہ کتاب ہدایت ہے اور یہی اس کے نزول کا مقصد ہے۔ ادارہ علوم القرآن کے صدر پروفیسر اشتیاق احمد ظلی نے کہاکہ قرآن مجید کی روشنی میں ہم اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی کوشش کریں ،اسی سے قوم کی کامیابی ممکن ہے۔ معروف مفسر قرآن مولانا فاروق خان نے سیمینار میں کلیدی خطبہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ آئیڈیل معاشرہ وہ ہے جہاں خیر خواہی کا جذبہ ہو۔ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم برائیوں کو روکنے اور بھلائیوں کو پھیلانے میں قرآن کی تعلیمات کی روشنی میں آگے بڑھیں ۔ ملی گزٹ کے ایڈ یٹرڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے کہا کہ آج ہم نے قرآن کی تعلیمات کو بھلا دیا ہے،جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ہماری ستم ظریفی ہے کہ جو کتاب ہماری ہدایت کے لئے آئی تھی ہم نے اس کو پس پشت ڈال دیا ۔ قرآن پاک ہماری زندگیوں میں غلط کاریوں سے نہ صرف بچنے بلکہ اس سے باہر نکلنے کے لئے سچی راہ دکھائی ہے۔ڈاکٹر ظفرالاسلام نے کہا کہ ہر نسل کی ذمہ داری ہے کہ قرآن و سنت کی روشنی میں اپنے لئے راہ نکالے، جو لوگ عربی زبان سے نا واقف ہیں ان کے ترجمہ قرآن کے نہ پڑھنے کا نتیجہ یہ نکلا کہ ہم محض اس کو ثواب کا ذریعہ سمجھ بیٹھے۔
اس موقع پر گذشتہ سال ہوئے سیمنار میں پیش کئے گئے مقالہ پر مشتمل کتاب ’’رجوع الی القرآن ۔اہمیت اور تقاضے ‘‘کا اجراء جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس سیمینار میں پروفیسر طلعت احمد نے اپنے صدارتی خطبہ میں مقالہ نگاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ادارہ علوم القرآن کی اس کوشش کو ایک عظیم کارنامہ قراردیا اور کہا کہ قران شریف تما م انسانیت کو ایک ڈائریکشن دیتا ہے، کوئی بھی مذہب غلط بات نہیں سکھاتا، ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ روزمرہ کی زندگی میں جو غلط طریقے رائج ہیں ان کے انسداد کیلئے آگے آئیں۔ قرآن کی روشنی میں اپنی زندگی استوار کریں اور قرآنی تعلیمات کو برادرا ن وطن تک بہتر انداز میں پیش کرنے کیلئے کوشش کریں۔افتتاحی اجلاس کے اخیر میں ادارہ علوم القرآن کی جانب سے منعقدہ کل ہند مسابقہ کے نتائج کا اعلان بھی کیاگیا۔ اس کا مقصد بتاتے ہوئے ڈاکٹر صفدر سلطان اصلاحی نے کہا کہ قران اور قرانی علوم سے روشناس کرانا اور خصوصاً برادرران وطن کے درمیان مطالعہ قران کا شوق پیدا کرنا ہے ۔ گروپ اے سے اول انعام محمد فاتح عالم (دارالعلوم ندوۃ العلماء) نے حاصل کیا ، جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب ،شمامۃ العنبر(را م منوہر لوہیا یونیورسٹی) اورعصمت جہاں (محمد مسعود خاں ڈگری کالج منگراواں ) کو دیا گیا۔مزید 10 مقالہ نگاروں کوتشجیعی انعامات بھی دیئے گئے۔گروپ بی سے اول انعام کا مستحق ابھجیت کمار(آدرش نگر مظفر پور)،دوسرا گورکھ پرساددکھی لال (بلیریا گنج اعظم گڈھ)اور تیسرا خوشبو کماری (بلیریا گنج اعظم گڈھ)کو دیا گیا ۔ ڈاکٹر اورنگ زیب اعظمی کے کلمات تشکر کے ساتھ پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔پروگرام کا افتتاح قاری عبد المنان کے تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ نظامت کے فرائض مولانا اشہد رفیق ندوی نے انجام دیا ۔

 

...


Advertisment

Advertisment