Today: Monday, November, 19, 2018 Last Update: 10:47 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

سائنسداں ٹی بی کے بیکٹریا پر ادویات کے کم ہوتے اثر کا مؤثر علاج تلاش کریں

 

نیشنل کالج آف چیسٹ فزیشین اور انڈین چیسٹ سوسائٹی کی16ویں مشترکہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر کی طبی سائنسدانوں سے اپیل، یہ کانفرنس جے این میڈیکل کالج کیلئے باعثِ افتخار ہے:پروفیسرراکیش بھارگو

علی گڑھ ،20؍نومبر(ایس ٹی بیورو) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے ٹی بی اینڈ ریسپائریٹری ڈسیز شعبہ اور ایس این میڈیکل کالج آگرہ کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ نیشنل کالج آف چیسٹ فزیشین ( این سی سی پی ) اور انڈین چیسٹ سوسائٹی کی16ویں مشترکہ کانفرنس کا افتتاح آج جے این میڈیکل کالج میں وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ( ریٹائرڈ) نے کیا۔افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل شاہ نے کہا کہ اب ٹی بی لا علاج مرض نہیں رہا ہے اور اس کا زود اثر علاج موجود ہے۔ انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ ٹی بی کے بیکٹریا پر ادویات کا اثر کم ہو رہا ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ طبی دنیا سے وابستہ سائنسداں اس کے تدارک کا مؤثر علاج تلاش کریں۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ کانفرنس ٹی بی کے تعلق سے نئی نئی معلومات مہیا کرانے اور اس کے علاج کا مزید زود اثر طریقہ تلاش کرنے میں کامیاب ہوگی۔پرو وائس چانسلر برگیڈیئر ایس احمد علی ( ریٹائرڈ) نے کہا کہ ہندوستان میں ٹی بی سے متاثر لوگوں کی تعداد دنیا کی کل آبادی کا24فیصد ہے جو از حد تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین جیسے بڑی آبادی والے ملک میں اس کی شرح11ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ٹی بی کا اصل سبب بڑھتی آبادی کا دباؤ بھی ہے اور بہت سے لوگوں کو اس کا علاج مہیا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں ٹی بی کا علاج دستیاب ہے لیکن ابھی اسے مزید مؤثر بنائے جانے کی ضرورت ہے۔کانفرنس کے آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر راکیش بھارگو نے کہا کہ یہ کانفرنس جے این میڈیکل کالج اور ایس این میڈیکل کالج کے مشترکہ تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے جو میڈیکل کالج کے لئے باعثِ افتخار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں معالجین کو انویسو اور نان انویسو وینٹیلیشن، برونکو اسکوپی، ایڈوانس اور تھیراپیوٹک برونکو اسکوپی اور تھیرا کو اسکوپی کی تربیت دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں ہندوستان اور بیرونی ممالک کے دو سوسے ز ائد ماہرین استھما، پھیپھڑوں کے کینسر، ٹی بی، سی او پی ڈی اور پھیپھڑوں کی دیگر بیماریوں پر خطبات پیش کریں گے۔جے این میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ جے این میڈیکل کالج میں جلد ہی ایم ڈی آر ٹی بی کا جدید ترین وارڈ تیار ہوجائے گا جہاں مریضوں کو ایک ہی مقام پر تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس نوجوان معالجین کے لئے سود مند ثابت ہوگی۔میڈیسن فیکلٹی کی ڈین پروفیسر شاہ جہاں بانو نے کانفرنس کے انعقاد کے لئے آرگنائزرس کو مبارکباد پیش کی۔ ٹی بی اینڈ ریسپائریٹری شعبہ کے سربراہ پروفیسر زبیر احمد نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا جبکہ ڈاکٹرآفرین ہاشمی نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔

...


Advertisment

Advertisment