Today: Wednesday, November, 21, 2018 Last Update: 06:03 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

شعیب اقبال کی کانگریس میں باضابطہ شمولیت آج

 

فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کیلئے کانگریس کو مضبوط کرنا انتہائی ضروری:شعیب اقبال

ملک کے وقار کو بچانے کیلئے تمام سیکولر لیڈران کانگریس کیساتھ آئیں: ہارون یوسف

سینئرکانگریسی لیڈر نے شعیب اقبال کی کانگریس میں شمولیت کاخیرمقد م

نثاراحمدخان

نئی دہلی، 19نومبر (ایس ٹی بیورو) پرانی دہلی کے مٹیا محل اسمبلی حلقہ سے مسلسل پانچ بار رکن اسمبلی رہنے والے شعیب اقبال کانگریس میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔آج انہوں نے پارٹی تبدیلی کی تصدیق کر دی ہے۔ شعیب اقبال کا کہنا ہے کہ وہ کل کانگریس ہیڈکوارٹر میں کانگریس پارٹی میں شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت دہلی میں کانگریس کو مضبوط کرنے کی بہت ضرورت ہے، اس لیے انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کیلئے کانگریس کو مضبوط کرنا انتہائی ضروری ہے۔ واضح رہے کہ شعیب اقبال کو ایک مسلم رہنما کے طور پر تسلیم کیاجاتا ہے اور وہ 1993 سے مسلسل اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے آ رہے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے مسلسل مختلف پارٹیوں سے انتخاب لڑکر کامیابی حاصل کی ہے۔ سب سے پہلے انہوں نے جنتا دل سے پھر کانگریس سے، ایک بار لوک لوک جن شکتی پارٹی اور گزشتہ بار جے ڈی یو سے بھی انتخاب لڑا اور جیتے۔ حال ہی میں خبریں آئی تھیں کہ شعیب اقبال اسدالدین اویسی کی قیادت والی پارٹی مسلم اتحادالمسلمین کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ سکتے ہیں۔ اس پارٹی کے کچھ لیڈروں نے کچھ دن پہلے ان سے رابطہ بھی کیا تھا۔ تاہم شعیب اقبال کی طرف سے انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی تجویز پر کوئی جواب نہیں دیا گیا تھا۔ بدھ کو شعیب نے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کرکے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کردیا۔ کانگریس میں شامل ہونے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ویسے تو ان کی کانگریس کے جنرل سکریٹری اور دہلی کے انچارج ڈاکٹر شکیل احمد سے ملاقات ہوتی رہتی تھی،مگر تقریباً 10 روز قبل ان کی پیشکش پر کافی غوروخوض کے بعد اپنے حامیوں سے بھی بات چیت کی اور گزشتہ جمعہ کو کانگریس نائب صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس میں شامل ہونے کی واحد وجہ ان کا مقصد اسمبلی انتخابات میں فرقہ پرست طاقتوں کوشکست دینا ہے۔
دوسری جانب دہلی کے سینئر مسلم لیڈر اور مسلسل پانچویں بار اسمبلی انتخابات جیتنے والے شعیب اقبال کا کانگریس میں شامل پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر لیڈر اور اسمبلی میں دوست رہے ہارون یوسف نے والہانہ استقبال کرتے ہوئے کہاکہ فرقہ پرستی کیخلاف لڑائی میں شعیب اقبال کاآنا انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان تمام لیڈران کو کانگریس میں شامل ہوجانا چاہئے جن کے اندر فرقہ پرستی کیخلاف لڑنے کی ہمت ہے۔ ہارون یوسف نے کہاکہ شعیب بھائی نے فرقہ پرستوں کو سبق سکھانے کیلئے تاریخی فیصلہ کیاہے اور اس کیلئے قوم کو ان کی ستائش بھی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح سے آرایس ایس، وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل فرقہ پرستی کو بڑھا وا دے رہے ہیں اسی طرح مجلس اتحاد المسلمین اور پیس پارٹی بھی فرقہ پرستی کی آگ کوچنگاری کی شکل دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان سبھی فرقہ پرست جماعتوں کی دوکانیں ایک دوسرے سے ہی چلتی ہیں اور یہی ملک کے سیکولرازم کو نقصان پہنچانے اور ملک کی بنیاد کو کمزور کرنے کیلئے ذمہ دار ہیں۔ مسٹریوسف نے مزید کہاکہ اب دہلی کے مسلمانوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ سیکو لرووٹوں کی تقسیم کیلئے عام آدمی پارٹی نئے نئے خواب دکھائے گی، مگر اس کا مقصد بی جے پی کو اقتدار میں لانا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے وقار اور سیکولرازم کو بچانے کیلئے کانگریس کے ساتھ مکمل طور پر جڑکر فرقہ پرستوں کو جواب دینا چاہئے۔
 

...


Advertisment

Advertisment