Today: Wednesday, November, 21, 2018 Last Update: 04:00 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

صحت مند ہندوستان کیلئے دل و دماغ کو صاف کرنا ہوگا


مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی کے کانفرنس ہال میں ’ماحولیات کا اثر‘عنوان پر منعقدہ سمینار سے مہمان خصوصی وکابینی وزیر اعظم خاں کا اظہار خیال، اچھے کاشت کار اور اچھے اساتذہ کی مد د سے ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا:شرد کالے
خان اسلان
رامپور،16نومبر(ایس ٹی بیورو)رضا پوسٹ گریجویٹ کالج کی جانب سے مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی کے کانفرنس ہال میں ایک سمینار بعنوان ’’ماحولیات کا اثر‘‘ منعقد ہوا۔ سمینار کی صدارت جوہر یونیورسٹی کے چانسلر و کابینہ وزیر محمد اعظم خاں نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے بھابھا نیوکلیئر ریسرچ سینٹر کے شعبہ نیو کلیئر ایگری کلچرل و بایوٹیکنالوجی کے چیرمین شرد کالے نے شرکت کی۔ سمینار کو خطاب کرتے ہوئے پروفیسر پدم شری شردکالے نے کہا کہ ہمیں یہ سوچنا چاہئے کہ قدرت سے ہمیں جو کچھ مل رہا ہے اس کے بدلہ میں ہم اسے کیا دے رہے ہیں۔ اگر یہ سوچ پیدا ہوجائے تو پوری دنیا میں انقلابی تبدیلی آجائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہر انسان دن میں تقریباً 25 ہزار مرتبہ سانس لیتا ہے ۔ اگر اس کو آکسیجن کے سلنڈر کی قیمت سے جوڑ کر دیکھا جائے تو ایک سانس پر ایک روپیہ خرچ آتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم قدرت سے ایک دن میں 25 ہزار روپے کی آکسیجن لیتے ہیں لیکن جواب میں کچھ نہیں دیتے۔ ہم پیپل نیم برگد اور گل مہر وغیرہ کے ایک ایک پیڑ لگا کر قدرت کے اس قرض کو اتار سکتے ہیں۔ شردکالے نے کہا کہ صحت مند ہندوستان ہاتھ میں لڈو لینے کا نام نہیں ہے ملک کو اچھے کاشت کار اور اچھے اساتذہ کی ضرورت ہے تبھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ جوہر یونیورسٹی کے چانسلر اعظم خاں نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ صاف ستھرے ہندوستان کی مہم ایک کھیل بنادی گئی ہے ۔ یہ مسئلہ سیاسی نعروں سے حل نہیں ہوسکتا۔ ہمارے ملک میں تعلیم کی کمی ہے۔ خواندگی مہم کے نام پر ملک کا خزانہ لوٹا گیا لیکن حالات میں کوئی فرق نہیں آیا۔ انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ صاف ستھرا ہندوستان مہم بھی کہیں خواندگی بیداری مہم نہ بن جائے ۔ اعظم خاں نے کہا کہ تعلیم کا میدان بربادی کی طرف گامزن ہے کیونکہ تعلیم کو دولت سے جوڑا گیا ہے۔ آج تعلیم فروخت کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ صحت مند ہندوستان بنانا ہے تو پہلے دل اور دماغ کو صاف کرنا ہوگاکوڑا کرکٹ سے کھاد بنتا ہے ۔ ساتھ ہی بجلی کی پیداوار بھی ہوتی ہے ۔ ہم رامپور میں بجلی بنانے کا پلانٹ جندل گروپ کے ذریعہ لگوا رہے تھے لیکن کچھ لوگ اس زمین کو اپنا بتاکر ہائی کورٹ چلے گئے۔ ایک سال سے ہم عدالت میں لڑ رہے ہیں۔اس موقع پر جوہر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد یونس نے کہا کہ آپ ہمیں ٹیکنیشین دیجئے ہم آپ کو صحت مند ہندوستان دیں گے۔ اس موقع پر رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر تزئین فاطمہ، ڈاکٹر ایم اے صدیقی، ڈاکٹر تبسم، ڈاکٹر پریا بجاج، ڈاکٹر انوار، ڈاکٹر امیش، ڈاکٹر رنویر سنگھ، ڈاکٹر پون بھارتی، ڈاکٹر پرتما سنگھ پرنسپل رضا ڈگری کالج، ڈاکٹر شریف قریشی اور یونیورسٹی کے منتظم اکبر مسعود قریشی سمیت کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات اور معززین شہر موجود تھے ۔

...


Advertisment

Advertisment