Today: Monday, November, 19, 2018 Last Update: 11:18 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

فرقہ وارانہ ماحول کو کسی بھی قیمت پر خراب نہیں ہونے دیں گے : اپادھیائے

 

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرمیں ’سوچھ بھارت ابھیان‘ کا افتتاح*صفائی صحت مند معاشرہ کی ضمانت: سراج الدین قریشی* مسلم علاقوں میں صفائی مہم کی سخت ضرورت: عاطف رشید* میناکشی لیکھی ،قمراحمد، شاذیہ علمی، عرفان احمدودیگر کی شرکت

نثاراحمدخان

نئی دہلی، 5نومبر (ایس ٹی بیورو) وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ چلائے جارہے ’’سوچھ بھارت ابھیان‘‘ کے تحت آج انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں بھی صفائی مہم کا آغاز کیاگیا۔ اسلامک سینٹرمیں مہمان خصوصی کے طور پر دہلی بی جے پی کے صدر ستیش اپادھیائے نے شرکت کی، جن کا انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے صدر سراج الدین قریشی نے والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر ممبر پارلیمنٹ میناکشی لیکھی ،دہلی اقلیتی کمیشن کے صدر قمر احمد، عام آدمی پارٹی کی سابق لیڈر شاذیہ علمی، بی جے پی قومی اقلیتی مورچہ کے نائب صدر عرفان احمد، دہلی اقلیتی مورچہ کے صدر عاطف رشید، شیعہ-سنّی فرنٹ کے سربراہ ڈاکٹر سردارخان نے شرکت کی۔ مسٹر اپادھیائے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ اسلام نے صفائی کوایمان کا حصہ قرار دیا ہے۔انہوں نے وعدہ کیاکہ ہم کسی بھی قیمت پرکسی کوبھی فرقہ وارانہ صورتحال کو خراب کرنے نہیں دیں گے۔ستیش اپادھیائے نے کہاکہ ہماری تہذیب وثقافت ایک ایسے میں ہمارے اندربھید بھاؤ نہیں ہونا چاہئے۔ واضح رہے کہ سراج الدین قریشی ’سوچھ بھارت ابھیان‘ دہلی کے 9سفیروں میں سے ایک ہیں۔اس سے قبل اپنی خیرمقدمی تقریر میں سراج الدین قریشی نے کہاکہ ہمارا معاشرہ طرح طرح کی بیماریوں کا شکار ہورہا ہے۔ہمارے آس پاس گندگی کی وجہ سے بہت سی خطرناک بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی تک اپنے آس پاس گندگی کو دور کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔ ہم نے اس کی جانب بھی توجہ نہیں دی کہ خود ہمارادین اس سلسلہ میں کیا کہتا ہے۔ہمارا دین کہتا ہے کہ صفائی آدھا ایمان ہے۔ہمیں اللہ کے آخری رسول کا حکم ہے کہ ہم صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں۔ہماری یہ مذہبی ذمہ داری بھی ہے کہ ہم اپنے اردگرد،اپنی گلی کوچوں اور آس پاس کے ماحول کوصاف ستھرا رکھیں۔
کیونکہ صفائی ایک صحت مند معاشرہ کی ضمانت ہے۔دہلی اقلیتی مورچہ کے صدر عاطف رشید نے کہاکہ وزیراعظم کے ذریعہ شروع کی گئی صفائی مہم کسی ایک مخصوص طبقے یا علاقے کیلئے نہیں ہے بلکہ یہ پورے ملک کو صاف ستھرا بنانے کیلئے یہ مہم شروع کی ہے۔ عاطف رشیدنے سراج الدین قریشی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ابھی تک وہ مسلمانوں کے تعلیمی، سماجی اور فکرونظر کی ترجمانی کرتے رہے ہیں، مگر اب انہوں نے مسلم علاقوں میں صفائی مہم شروع کرکے انتہائی دانشمندانہ فیصلہ کیاہے کیونکہ مسلم علاقوں میں صفائی کی سخت ضرورت ہے۔ اس سے قبل سراج الدین قریشی، ستیش اپادھیائے، شاذیہ علمی، عرفان احمد، عاطف رشیدنے اسلامک کلچرل سینٹر کے گیٹ نمبر ایک سے گیٹ نمبر تین تک جھاڑوؤں سے صفائی کی۔ان تمام افراد نے ٹوپی اورجیکٹ پہن رکھی تھی جن پراردو میں ’سوچھ بھارت ابھیان ‘تحریرتھا۔ ستیش اپادھیائے نے سراج الدین قریشی کے ذریعہ منعقد اس پر وقار تقریب پر ان کی ستائش کی اور کہا کہ آج صفائی مہم کی سب سے زیادہ ضرورت مسلم محلوں اور علاقوں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے مجھے جس مسلم علاقہ میں بھی بلایا جائے گا، میں ضرور جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ اس صفائی ابھیان کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔اس موقع پر سراج الدین قریشی نے بھی واضح کیا کہ آج کے اس پروگرام کا بھی سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور یہ کہ مسلم محلوں میں صفائی ستھرائی کی اشد ضرورت ہے اس لئے میں اس مہم کو پوری شدت کے ساتھ جاری رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اسکولوں اور مدرسوں میں اس موضوع پر سیمنار منعقد کئے جائیں گے اوراداروں کے آس پاس سے گندگی کو دور کرنے کیلئے صفائی مہم شروع کی جائے گی۔سراج الدین قریشی نے 9افراد پر مشتمل اپنی جو ٹیم تشکیل دی ہے اس میں جامعہ ہمدردکے وائس چانسلر ڈاکٹر جی این قاضی،جسٹس فخرالدین، مولانا محب اللہ ندوی، محمد اسلم قریشی، شاداب خان، سی ایم ڈی ارتھ کون، حاجی اکرام حسین، اجمل نظامی، مشتاق انصاری اوراقرا قریشی کے نام شامل ہیں۔پروگرام میں جن دیگر شخصیات نے شرکت کی ان میں الیاس ملک، ڈاکٹر جاوید جمیل، ڈاکٹر حنیف ترین‘،یم اے حق، ذہین ملک، احمد رضا،وصی احمد نعمانی، محمد شمیم، شرافت اللہ، مشتاق احمد،محمدعرفان، چودھری شریف، مفتی شمعون قاسمی، محمد رازق، عتیق ساجد،ڈاکٹر نفیس قریشی، محمد عاقل قریشی، آرتی شرما‘ کرن قریشی، شاہانہ بیگم، کہکشاں تیاگی کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔،س موقع پر سراج الدین قریشی نے اپنی ٹیم کے تمام اراکین کو صفائی ستھرائی کے تعلق سے ایک عہد بھی دلایا۔

...


Advertisment

Advertisment