Today: Wednesday, September, 26, 2018 Last Update: 09:52 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

راجدھانی میں اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی ٹیم کی تشکیل نو

 

ستیش اپادھیائے نے 8نائب صدر،3 جنرل سکریٹری اور 8سکریٹری کئے نامزد* پارٹی نے کیا5ترجمانوں کا اعلان* پروین شنکر میڈیاانچارج اور عاطف رشید اقلیتی مورچہ کے صدر نامزد

اقلیتوں کو پارٹی سے جوڑنے کیلئے ہرممکن کوشش کروں گا:عاطف رشید

دہلی بی جے پی اقلیتی مورچہ کا چوتھی مرتبہ صدر بنائے جانے پر عاطف رشید نے نریندرمودی، امت شاہ اور ستیش اپادھیائے کا ادا کیا شکریہ

نثاراحمدخان

نئی دہلی، 29اکتوبر (ایس ٹی بیورو) دہلی اسمبلی کے معطل ہونے اورراجدھانی دہلی میں سرکار سے متعلق فیصلہ پر سپریم کورٹ کے ذریعہ سخت رخ اختیار کئے جانے کے بعد بی جے پی نے اپنی ٹیم کی تشکیل نو کرتے ہوئے انتخابات کی طرف قدم بڑھا دیئے ہیں۔ ریاستی صدر ستیش اپادھیائے نے اپنی ٹیم میں پارٹی نے 8نائب صدر نامزد کئے گئے ہیں جبکہ 3سکریٹری بنائے گئے ہیں۔ پارٹی نے اقلیتی مورچہ کے صدر کیلئے چوتھی بار عاطف رشید پر بھروسہ جتایا ہے اور انہیں ایک بار پھر یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ نائب صدر کیلئے تلک راج کٹاریا، رجنی ابّی، وشاکھا سیلانی، جے پرکاش، شکھارائے، ابھے ورما، کرن چڈھا اور کلجیت سنگھ چہل کے ناموں کا اعلان ہوا ہے جبکہ جنرل سکریٹری کیلئے ایک بار پھر ممبرپارلیمنٹ اور پارٹی کے سینئرلیڈر رمیش بدھوڑی کو نامزد کیاگیاہے۔ پارٹی نے جنرل سکریٹری کیلئے مسٹر بدھوڑی کے علاوہ آشیش سود اور ریکھا گپتا پر بھروسہ جتایا ہے۔ تنظیمی سکریٹری کی ذمہ داری وجے شرما کو سونپی گئی ہے جبکہ شیال لال شرما کو خازن بنایا گیاہے۔ بی جے پی نے میڈیا کے سامنے پارٹی کی رائے رکھنے کیلئے 5ترجمان بھی نامزد کئے ہیں۔ ترجمانوں کی فہرست میں امن سنہا، پونم جھا، ہریش کھورانہ، راجیو ببّر اور دیپکا شرما کو رکھا گیاہے۔ جبکہ میڈیا انچارج پروین شنکر کپور کو بنایاگیا ہے۔ مہیلا مورچہ کا صدر کمل جیت سہراوت اور ایسی سی/ایس ٹی کے صدر کیلئے رمیش بالمیکی اورمزدور مورچہ کا صدر آنند ساہو اور پروانچل مورچہ کا صدر دنیش پرتاپ سنگھ کو بنایاگیا ہے جبکہ یووا مورچہ کی ذمہ داری نکل بھاردواج کو سونپی گئی ہے۔وہیں کسان مورچہ کے صدر ونود تیاگی بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 14ضلع دفاتر کے سکریٹری بنائے گئے ہیں جبکہ انتظامی کمیٹی کیلئے 4رکن، انچارج کیلئے 5رکن، صفائی مہم کیلئے 8رکن نامزد کئے گئے ہیں۔ جنوب میونسپل کارپوریشن کے کنوینر سبھاش سچدیوا، شمال میونسپل کارپوریشن کیلئے کلونت رانا، اور مشرقی میونسپل کارپوریشن کیلئے منوج شوقین کو ذمہ داری دی گئی ہے۔
دوسری جانب بی جے پی نے اپنی ذیلی تنظیموں کی تشکیل نو کرتے ہوئے اعلیٰ قیادت نے اقلیتی مورچہ کے صدر کیلئے نوجوان لیڈر عاطف رشیدپر ایک بار پھر اعتماد کااظہار کیاہے۔ عاطف رشید کو پارٹی کے اقلیتی ونگ کی ذمہ داری چوتھی مرتبہ سونپی گئی ہے۔ اس پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے عاطف رشید نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کے اقلیتی مورچہ کا صدر بنایاجانا میرے لئے خوش نصیبی اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کیلئے میں وزیر اعظم نریندر مودی، پارٹی کے قومی صدر امت شاہ اور دہلی پردیش صدر ستیش اپادھیائے کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے اقلیتوں کی نمائندگی کرنے کیلئے مجھ پر ایک بار پھر اعتماد ظاہر کیا۔ عاطف رشید نے کہاکہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے اور ریاست میں بھی آنے والے دنوں میں بی جے پی کی سرکار ضرور بنے گی کیونکہ لوگ اب بی جے پی کی طرف پرامید نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اب ایسی صورت میں اقلیتوں کو پارٹی سے جوڑنا انتہائی اہم ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی ہائی کمان کے اعتماد اور بھروسے پر کھرا اترنے کیلئے دل وجان سے محنت کروں گا۔ مسٹر رشید نے یہ بھی کہاکہ اقلیتی مورچہ کا صدر ہونے کے ناطے اقلیتوں کو پارٹی سے جوڑنے کیلئے میں پہلے بھی پوری محنت اور لگن سے کام کرتارہاہوں، مگر یہ ذمہ داری چوتھی مرتبہ سونپی گئی ہے اس لئے اب مجھے پارٹی لیڈران کے بھروسے پر کھرا اترنے کیلئے مزید محنت کرنی ہوگی تاکہ راجدھانی دہلی میں بی جے پی کی جب سرکار بنے تو اس میں اقلیتوں کا بھی تعاون اور شراکت داری ہو۔ عاطف رشید نے مزید کہاکہ اقلیتی مورچہ کے کارکنان کے ساتھ مل کر پارٹی کو مضبوط کرنا اور اقلیتی لیڈران کو پارٹی سے جوڑ کر متحد رکھنا انتہائی اہم ہے کیونکہ ہمیں اب وزیراعظم نریندرمودی، قومی صدر امت شاہ اور ریاستی صدر ستیش اپادھیائے اور پارٹی کے سینئرلیڈران کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کیا جاسکے۔

...


Advertisment

Advertisment