Today: Wednesday, November, 21, 2018 Last Update: 04:50 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

توسہ میدان کو پْر کشش سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دی جائے گی:عمر عبداللہ

 

سری نگر ، 22 اکتوبر (یو این آئی) فوج کی طرف سے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں واقع توسہ میدان کے رینج ائیریا میں مہلک سامان کو ہٹانے کا خیر مقد م کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاہے کہ اس سلسلے میں عوامی مطالبہ پورا ہوا ہے اور اب اس علاقہ کو ریاست میں ایک اہم سیاحتی مقام کے طورپر ترقی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ توسہ میدان کو سیاحتی سرگرمیوں کے لئے فروغ دینے سے یہاں روزگار کے مزید وسائل پیدا ہوں گے اور علاقہ میں کاروباری سرگرمیوں میں بھی سرعت آئے گی۔فوج نے مِشن فلاح کے تحت توسہ میدان کے 69مربع کلو میٹر میں رینج ائیریا سے وہ سارا سامان ہٹایا جو عام لوگوں کے لئے خطرے کا باعث بن سکتا تھا۔فوج نے درنگ،ستاہرن، کھاگ ، ہمچی پورہ ،توسہ میدان اور چویاں داراں گاؤں میں میڈیکل اور ویٹرنری کیمپوں کا بھی انعقاد کیا۔فوج نے رینج ائیریا کو صاف کرنے، باز آباد کاری پروگرام اور سوِک ایکشن کے سلسلے میں وزیراعلیٰ کو آج صْبح تفصیلی جانکاری دی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے فوجی افسران اور شہریوں سے خطاب کے دوران کہا کہ فوج کی طرف سے رینج ائیریا میں مقررہ وقت میں ہی مہلک سامان اٹھانے کا کام قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقہ کے لوگ توسہ میدان کو گلمرگ ، پہلگام اور سونمرگ وغیرہ کے طرز پر سیاحتی مقام بنایا چاہتے ہیں اور اب ان کی یہ دیرینہ خواہش پور ی ہو رہی ہے۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ سجاد احمد کچلواور جی او سی 15کارپس لیفٹننٹ جنرل سبراتا سہا بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ فوج کی طرف سے منعقد کئے گئے میڈیکل کیمپوں میں 3000 مریضوں کا علاج کیا گیا جبکہ مختلف امراض میں مبتلا 9000مویشیوں کا بھی علاج ہوا۔وزیر اعلیٰ کو مطلع کیا گیا کہ ماسٹر فیاض احمد پرے کابھی علاج و معالجہ ہوا اور اب اس لڑکے کو مصنوعی اعضاء لگانے کے لئے پونے بھیجا گیا ہے اور اس کی تعلیم و تربیت کے لئے وِکٹر فورس اسے آرمی گڈ وِل سکو ل میں داخل کررہی ہے۔وزیر اعلیٰ کو یہ جانکاری دی گئی کہ 50افراد کو قوت سماعت کے 25آلات اور 25عینکیں دی گئیں جبکہ درنگ علاقہ میں بچوں کے ذریعے 300 پودے لگائے گئے۔اس کے علاوہ مرحوم بلال احمد جس کی حادثاتی موت ہوئی کے لواحقین کو ایک لاکھ روپے کی مالی امدا د دی جارہی ہے۔ فوج نے کھیل کود سرگرمیوں کا بھی انعقادکیا اور توسہ میدان علاقہ تک تعلیمی دورو ں کا اہتمام کیا۔47نوجوان لڑکوں کی رہنمائی کی جارہی ہیں تاکہ وہ سیکورٹی فورس میں بھرتی عمل ٹیسٹ کیلئے کامیاب ہوسکیں۔فوج کی طرف سے کمیونٹی ڈیولپمنٹ سینٹر کھاگ میں30 نوجوانوں کو موبائیل فون کی تربیت کے کورس کرائے جارہے ہیں تاکہ وہ اپنا روزگا ر خود کما سکیں۔وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ایسی بیواؤں کی بھی نشاندہی کی جارہی ہیں جن کے شوہر رینج حادثات کی زد میں آئے ہیں۔ان کی فہرست کی توثیق ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام نے کی ہے ۔فہرست میں 21بیوائیں، 32بچے جنہیں تعلیمی سرگرمیوں کے لئے تعاون دینے کی ضرورت ہے اور ایسے 13 بچے جنہیں ہنرمندی کی تربیت کی ضرورت ہے بھی شامل ہیں۔جوٹ بیگ تیار کرنے کے لئے بھی 30خواتین کو فوج کی طرف سے تربیت دی جارہی ہے جبکہ ٹیلرنگ اور ڈیزائننگ کے لئے 20خواتین کو بھی تربیت دینے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ گجراور بکر وال طبقے سے وابستہ 50بچوں کو درنگ علاقہ میں آرمی گْڈ وِل سکول داخل کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے فوج کی طرف سے عام لوگوں کی فلاح و بہبود اور رینج ائیریا کو مہلک سامان سے صاف کرنے کی کام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ فوج آئندہ بھی لوگوں کی راحت رسانی اور مدد کے لئے پیش پیش رہے گی۔

...


Advertisment

Advertisment