Today: Wednesday, November, 21, 2018 Last Update: 10:05 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

اجاڑے گئے جھگی والے بے بسی کی زندگی گذارنے پر مجبور: اجے ماکن

 
نئی دہلی، 13دسمبر (ایس ٹی بیورو) شکور بستی علاقہ میں ریلوے کے ذریعہ 500جھگی توڑے جانے کے معاملہ کے بعد آج کانگریس کے ریاستی صدر اجے ماکن نے عوام میں کمبل اور کھانے کے پیکٹ تقسیم کئے۔ اجے ماکن آج شام شکور بستی کے سیمنٹ سا ئڈنگ، پنجابی باغ جنرل اسٹور رین بسیرا کی تقریباً 500جھگی جھونپڑیوں کا دورہ کیا جن کو بی جے پی کی مرکزی سرکار کی وزارت ریل کے ذریعہ اجاڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اتنی سخت سردی میں ان غریب لوگوں کو اجاڑنا انتہائی شرمناک واقعہ ہے۔اس دوران اجے ماکن کے ساتھ بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے جیسے ہی اطلاع ملی، میں جائے حادثہ پر پہنچاہوں اور کانگریس آپ کو انصاف دلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ 
اجے ماکن نے کہاکہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال دہلی کے باشندوں کے تئیں غیر ذمہ دار ہیں کیونکہ وہ پورے دن میں جھگی والوں سے ملنے کا وقت نہیں نکال سکے اور رات میں ایک بجے جھگی جھونپڑی کے باشندوں سے ملنے پہنچے جبکہ جھگیوں کو اجاڑنے کاعمل دن سے ہی جاری تھا۔انہوں نے کہاکہ یہ بالکل واضح ہوگیا ہے کہ جن کے ووٹ حاصل کرکے کجریوال اقتدار میں آئے تھے، انہیں ان کی کتنی فکر ہے۔ انہوں نے حیرانی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ کجریوال کو جھگی جھونپڑی اجاڑنے کا پتہ نہیں چلا جبکہ انہیں پہلے ہی معلوم ہونا چاہئے تھا اور انہیں وزارت ریل سے مل کر اس پر سمجھوتہ کرکے ان جھگی باشندوں کےلئے کوئی متبادل انتظام کرکے ہی جھگیوں کو توڑا جانا چاہئے تھا۔ اجے ماکن نے یہ بھی کہاکہ کانگریس کے دوراقتدار میں بغیر متبادل جگہ دیئے کبھی بھی جھگی جھوپڑیوں کو اجاڑا نہیں گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی سرکار کے اشارے پر وزارت ریل کے ذریعہ جھگی جھونپڑی کو اجاڑنے کا یہ غیراخلاقی اور قابل مذمت کام کیاگیا ہے جس سے ہزاروں شکور بستی کی خواتین، بچے اور بزرگ سرد موسم میں بے گھر ہوکر بے بسی میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔
 
...


Advertisment

Advertisment