Today: Wednesday, November, 14, 2018 Last Update: 10:44 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

دہلی کے باشندوں کی جیب پر ’آپ‘ کا بوجھ


پانی کی قیمتوں میں جل بورڈ نے کیا 10فیصد اضافہ، غیرقانونی کنکشن کو مستقل کرنے کافیصلہ، اجے ماکن اور ستیش اپادھیائے نے کجریوال سرکار پر طنز کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا
نثاراحمدخان
نئی دہلی، 19مارچ (ایس ٹی بیورو) دہلی کے باشندوں کو جہاں مفت دینے کا اعلان کیاگیا ہے وہیں ان کی جیب پر بوجھ بھی بڑھ گیاہے۔ عوام کو عام آدمی پارٹی سے امیدیں وابستہ ہیں کہ اب انہیں سستی شرح پر تمام ضروری اشیاء فراہم کی جائیں گی، لیکن آج انہیں اس وقت دھچکا لگا جب پانی کی قیمتوں میں 10فیصد اضافہ کردیاگیا۔ دہلی جل بورڈ نے پانی کی قیمتوں میں10 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ یہ اضافی قیمت 20 ہزار لیٹر سے زیادہ پانی استعمال کرنے والوں کو اداکرنی ہوگی۔ جمعرات کو ہوئی دہلی جل بورڈ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی میٹنگ میں 250نئے ٹینکر خریدنے اور غیر قانونی کنکشن کو مستقل کرنے کافیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ جل بورڈ کے مطابق دارالحکومت دہلی میں تقریباً 23ہزار غیر قانونی کنکشن ہیں۔ جل بورڈ کی میٹنگ میں لئے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیا کنکشن لینے کیلئے کوئی ڈیولپمنٹ چارج نہیں دینا پڑے گا۔ اس کے ساتھ ہی نئے گھریلو کنکشن اور کمرشل کنکشن کیلئے الگ الگ چارج دینا ہوگا۔ اب نئے گھریلو کنکشن کیلئے 3310روپئے ادا کرنے ہوں گے جبکہ کمرشل کنکشن کیلئے 4310روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ جل بورڈ نے فیس لے کر تمام غیر قانونی کنکشن کو مستقل کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر اجے ماکن اور دہلی بی جے پی کے ریاستی صدر ستیش اپادھیائے نے پانی کی قیمت میں 10فیصد اضافہ کرنے کے فیصلے کی سخت مذمت کی ہے۔ کانگریس لیڈر اجے ماکن نے ’آپ‘ سرکارکے پانی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے فیصلے پر کہا کہ ’ابھی تو یہ آغاز ہے آہستہ آہستہ آپ کے سامنے آ جائے گا کہ ان کے ذریعہ کئے گئے وعدوں کو نبھانا کتنا مشکل ہے۔ ماکن نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کے طور پر کجریوال کو اپنی شبیہ برقرار رکھنی چاہئے۔ تاہم دہلی سرکار نے پانی کی قیمتوں میں 10فیصد اضافہ کرکے دہلی کے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا کرکے کجریوال سرکار نے دہلی کے لوگوں کو دھوکہ دیاہے۔ اجے ماکن نے کہاکہ حیرت کی بات یہ ہے کہ لبھاؤے وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے والی ’آپ‘ نے ایک مہینے میں رنگ دکھانا شروع کردیاہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ دہلی کے لوگ پہلے ہی مہنگائی کی مار سے پریشان ہیں اور ’آپ‘ سرکار نے بجلی کی قیمت میں اضافہ کرکے ان کے جیب پر اضافی بوجھ ڈال دیاہے۔ ستیش اپادھیائے نے وزیر اعلی اروند کجریوال پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک بار پھر اپنے فیصلے سے یوٹرن لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کجریوال نے ایک محدود آبادی کو مفت پانی دینے کا سبزباغ دکھا کر باقی عوام پر بوجھ بڑھا دیا ہے۔ اپادھیائے نے حال ہی میں کی گئی زیر التوا بجلی بلوں کی ادائیگی میں اضافی سرچارج معاف کرنے کے اعلان پر بھی ’آپ‘ سرکار پر تنقید کی ہے۔ پارٹی کے ممبران اسمبلی وجیندر گپتا نے بھی اسکولوں میں ایڈمشن کے مسئلہ کو لے کر دہلی سرکار پر تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی لاپرواہی کے سبب ہی گارجین پرائیویٹ اسکولوں میں ڈونیشن دینے کو مجبور ہو رہے ہیں۔

 

 

...


Advertisment

Advertisment