Today: Thursday, November, 15, 2018 Last Update: 04:06 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

وادی کشمیر نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، زندگی مفلوج


سری نگر،16 مارچ (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر حصوں میں پیر کے روز درمیانہ سے بھاری درجے کی برف باری ہوئی جہاں اتوار کو دن بھر بارشیں ہوتی رہیں۔ تازہ برف باری کے باعث وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں موسم سرما کے سرد ترین چالیس دنوں کے عرصے یعنی چلہ کلان کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہا تھا۔ جبکہ شرارتوں کیلئے مشہور چلہ بچہ اور چلہ خورد کے دوران بھی بہت کم برف باری ریکارڈ کی گئی تھی۔ تاہم مارچ کے مہینے میں ہونے والی برف باری کی وجہ سے وادی میں میوے کے درخت بُری طرح متاثر ہوئے ہیں اور سبزیوں کی کاشت پر بھی منفی اثرات پڑے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی وارننگ جاری کی تھی کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کچھ ایک مقامات پر شدید بارشیں یا برف باری ہوگی۔ وادی کشمیر میں پیر کی صبح جوں ہی لوگ نیند سے اٹھے تو انہوں نے مکانات کی چھتوں، سڑکوں اور کھلے میدانوں پر برف کی سفید چادر بچھی ہوئی پائی۔تاہم سری نگر کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی جاری رہنے کی وجہ سے اِن پر جمع ہوئی برف پگھل چکی تھی۔ تاہم سڑکوں پر بہت کم گاڑیاں اور راہگیر نظر آئے جبکہ بیشتر دکانیں بند رہیں۔ بارش کا پانی گرلز ہائر سکینڈری اسکول کوٹھی باغ، ریڈ کراس روڑ کے علاوہ یو این آئی، اے ایف پی، ڈیلی جاگرن اور دیگر دفاتر میں داخل ہوچکا تھا۔ ایسے ہی مناظر سرائے بالا، فیض آباد کالونی، ارم کالونی، شاہ ہمدان کالونی، اسٹیڈیم کالونی، نوگام اور شہر کے دوسرے علاقوں میں نظر آئے جس کے نتیجے میں اِن علاقوں میں گاڑیوں اور لوگوں کی نقل وحرکت متاثر ہوکر رہ گئی ہے ۔ جہاں وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں تا دم تحریر برف باری کا سلسلہ جاری تھا وہیں بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی ہے ۔ وادی کشمیر کی شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے ۔ایک ہوٹل مالکان نے یو این آئی کو گلمرگ سے فون پر بتایا کہ برفیلی ڈھلانوں پر بھاری برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خراب موسم اور کم روشنی کی وجہ سے گلمرگ کو افروٹ سے جوڑنے والی گنڈولا کیبل کار سروس گذشتہ روز معطل کردی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گلمرگ کی اوپری بلندیوں بشمول کونگ ڈوری، کھلن مرگ اور افروٹ میں بھاری برف باری ہوئی ہے ۔شمالی کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول کیرن، کرناہ، ٹنگڈار، گریز، مژھل، نیرو اور دیگر علاقوں میں بھی بھاری برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ شمالی کشمیر کے میدانی علاقوں بشمول ٹنگمرگ، پٹن، کپوارہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، ہندوارہ اور دیگر علاقوں میں بھی تازہ برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔ جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے ۔ جنوبی کشمیر میں ہی واقع مقدس امرناتھ گھپا اور اس سے ملحقہ علاقوں شیش ناگ، مہاگنس، پسو ٹاپ، پنج ترنی اور چندن واڑی میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھاری برف باری ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح شوپیان، اننت ناگ، قاضی گنڈ، پیر کی گلی، مغل روڑ، ککرناگ اور کولگام میں تازہ برف باری ہوئی۔ سری نگر لیہہ شاہراہ پر واقع سیاحتی مقام سونہ مرگ میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے ۔

 

 

...


Advertisment

Advertisment