Today: Sunday, September, 23, 2018 Last Update: 05:36 pm ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

چھٹے دہلی اسمبلی اجلا س کا آغاز


نومنتخب ممبران اسمبلی نے لیا حلف*رام نواس گوئل اسپیکر اور وندناکماری ڈپٹی اسپیکر منتخب
58ممبران اسمبلی نے ہندی، 2ممبران نے اردو، 2میتھلی، 3پنجابی، 3انگریزی اوردو ممبران نے الگ ا لگ سنسکرت اور بھوجپوری میں لیاحلف
نثاراحمدخان

نئی دہلی، 23 فروری (ایس ٹی بیورو) دہلی اسمبلی کے دو روزہ اجلاس کاآج آغاز ہو گیا ہے۔ رام نواس گوئل کو اسمبلی کا سپیکر منتخب کیا گیا ہے جبکہ وندنا کماری ڈپٹی اسپیکر بنائی گئی ہیں۔چھٹے دہلی اسمبلی اجلاس کا آغاز ’وندے ماترم‘ سے ہوا۔ اس کے بعدنومنتخب ممبران اسمبلی کو پروٹم اسپیکر چودھری فتح سنگھ نے حلف دلایا۔ سب سے پہلے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے حلف لیا اس کے بعد نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا، پھرکابینی وزراء گوپال رائے، ستیندر جین، جتیندر سنگھ تومر، عاصم احمدخان اور سندیپ کمار نے ہندی زبان میں حلف لیا۔ حلف برداری تقریب میں اوکھلا کے نومنتخب ممبراسمبلی امانت اللہ خان اور سیلم پور سے جیت حاصل کرنے والے حاجی اشراق خان نے اللہ کے نام پر اردو زبان میں حلف لیا جبکہ دیگر دو مسلم ممبران اسمبلی نے ہندی زبان میں ’ایشور‘ کے نام پر حلف لیا۔ امید کی جارہی تھی کہ کجریوال سرکار میں وزیر اور مٹیامحل سے قدآور لیڈر شعیب اقبال کو شکست دے کر اسمبلی میں پہنچنے والے عاصم احمدخان اوربلیماران سے جیت حاصل کرنے والے عمران حسین اللہ کے نام پر اردو زبان میں حلف لیں گے، مگر ایسا نہیں ہوا۔ وزیربرائے خوراک ورسد اور ماحولیات وجنگلات عاصم احمدخان نے 14فروری کو رام لیلا میدان میں وزیراعلیٰ اروند کجریوال کیساتھ بھی ہندی میں ہی حلف لیا تھا۔ کراول نگر کے نومنتخب ممبراسمبلی کپل مشرا نے سنسکرت، کراڑی کے ریتو راج گووند جھا نے بھوجپوری، جبکہ براڑی کے سنجیو جھا اور جنک پوری اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے سینئر لیڈر جگدیش مکھی کو شکست دینے والے راجیش رشی نے میتھلی میں حلف لیا۔ راجوری گارڈن کے جرنیل سنگھ، تلک نگر کے جرنیل سنگھ اور کالکا جی اسمبلی حلقہ سے جیت حاصل کرنے والے اوتار سنگھ کالکا جی نے پنجابی میں حلف لیا۔ اس کے علاوہ سابق ریاستی وزیر سومناتھ بھارتی، دویندر شہراوت اور نتن تیاگی نے انگریزی میں حلف لیا۔ اس کے علاوہ 58ممبران اسمبلی نے ہندی زبان میں حلف لیا۔ بی جے پی کے 3ممبراسمبلی وجیندر گپتا، اوم پرکاش شرما اور جگدیش پردھان نے بھی ہندی زبان میں حلف لیا۔
حلف برداری تقریب کے بعد نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے اسمبلی اسپیکر کیلئے رام نواس گوئل کے نام کی تجویز پیش کی۔ آرکے پورم سے جیت حاصل کرنے والی پرملا دھیرج ٹوکس نے اس تجویز کی حمایت کی۔ اس کے بعد ڈپٹی اسپیکرکیلئے وندنا کماری کے نام کی تجویز پیش کی گئی۔ منیش سسودیاکے بعد پرملاٹوکس نے وندناکماری کی تجویز پیش کی اور چاندنی چوک کی الکالامبا نے ان کی حمایت کی۔ رام نواس گوئل اور وندناکماری کو اتفاق رائے سے اسپیکر منتخب کرلیاگیا۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ اروند کجریوال، بی جے پی کے قانون ساز پارٹی کے لیڈر وجیندرگپتا نے اور دیگر ممبران اسمبلی نے انہیں اسپیکر کی کرسی پر بٹھایا اور بیشتر ممبران اسمبلی نے گلے مل کر مبارکباد پیش کی۔ اسی طرح ڈپٹی اسپیکر وندناکماری کو بھی ممبران اسمبلی نے ان کے پاس آکر مبارکباد پیش کی۔

 

 

...


Advertisment

Advertisment