Today: Wednesday, November, 21, 2018 Last Update: 08:56 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

ڈاکٹر ذاکر نائک کو شاہ فیصل ایوارڈ

 

ریاض، 4 فروری (یو این آئی) مبلغ اسلام اور اسلامک ریسرچ فاونڈیشن آف انڈیا کے صدر ڈاکٹر ذاکر اے نائک کو ان کے اسلامی خدمات کے اعتراف میں اسلامی دنیا کا نوبل پرائز سمجھا جانے والا باوقار شاہ فیصل بین الاقوامی انعام کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔مکہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل اور شاہ فیصل انعام کمیٹی کے سکریٹری جنرل عبداللہ العشمین نے کل یہاں الحزام سینٹر میں منعقد ایک شاندار تقریب میں 2015 کے لئے ایوارڈ یافتگان کے ناموں کا اعلان کیا۔دو بین الاقوامی شہرت یافتہ اسکالر کیمسٹری کے پروفیسر عمر مونس باغی (امریکہ) اور پروفیسر مائیکل گارزل (سوئٹزرلینڈ) کو سائنس (کیمسٹری) کے شعبہ میں مشترکہ طور پر انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔اسلامی مطالعات کا ایوارڈ ڈاکٹر عبدالعزیز بن عبدالرحمان کاکی کو دیا جائے گا۔ وہ مدینہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں کنسلٹنٹ ہیں۔میڈیسن کے لئے امریکہ کے پروفیسر جیفری ایوان گورڈن کو منتخب کیا گیا ہے ۔ہر انعام کے ساتھ عربی میں خوبصورت خطاطی سے مزین ایک سند، جس پر صاحب انعام کے کارناموں کا ذکر ہوتا ہے ، 24 قیراط کے 200 گرام سونے کا ایک میڈل اور ساڑھے سات لاکھ سعودی ریال نقد دیا جاتا ہے ۔مشترکہ طور پر انعام پانے والوں میں رقم آدھی آدھی تقسیم کی جاتی ہے ۔العشمین کی طرف سے جاری سند میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر نائک، جو ایک غیر عرب اسلامی اسکالر ہیں، ادیان کے تقابلی مطالعہ پر اتھارٹی سمجھے جاتے ہیں، انہوں نے پیس ٹی وی کے نام سے ایک ٹی وی چینل بھی شروع کیا جو دنیا میں تقابل ادیان کا واحد چینل ہے اور جس کے دیکھنے والوں کی بڑی تعداد دنیا بھر میں موجود ہے ۔بیان کے مطابق سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر گرازل کو فوٹو الیکٹروکیمیکل سسٹم برائے تبدیلی شمسی توانائی میں بنیادی اور عملی ایجادات کے لئے سائنس کے شعبے میں انعام کا حقدارپایا گیا۔پروفیسر باغی نے میٹل آرگینک فریم ورک کے شعبہ میں بنیادی اور نمایاں کام کیا ہے جبکہ پروفیسر کاکی کو مدینہ منورہ کی ثقافتی تاریخ میں نمایاں تحقیق کے لئے اسلامی مطالعات کے شعبہ میں انعام کامستحق سمجھا گیا ہے ۔عربی زبان و ادب کے لئے اس مرتبہ کسی کو ایوارڈ نہیں دیا گیا۔ کیوں کہ کمیٹی کے مطابق کوئی بھی نام کمیٹی کے میعار مطلوب پر پورانہیں اترپایا۔ڈاکٹر ذاکر نائک کو شاہ فیصل انعام ملنے پر دنیا بھر سے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔واضح رہے کہ ڈاکٹر نائک پیشہ کے لحاظ سے ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں لیکن 1991 سے انہوں نے اسلام کی تبلیغ پر اپنی توجہ مرکوزکررکھی ہے ۔ وہ عیسائی اور ہندووں وغیرہ سے مناظرہ کے لئے مشہور ہیں۔ عیسائی مناظر ولیم کیمپ بیل کے ساتھ مناظرہ کے بعد انہیں عالمی شہرت حاصل ہوئی۔انہوں نے متعدد کتابیں بھی تصنیف کی ہیں۔

 

...


Advertisment

Advertisment