Today: Wednesday, November, 21, 2018 Last Update: 03:51 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

LATEST NEWS   

کجریوال نے الیکشن کمیشن کو نوٹس کاجواب دیا


نئی دہلی24جنوری(ایجنسیاں) آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال نے اپنے مبینہ رشوت لینے والے بیان پر الیکشن کمیشن کو جواب دیا ہے۔ جواب میں انہوں نے لوگوں کو ووٹ کے لئے رشوت لینے کی حوصلہ افزائی کرنے والے الزامات کو غلط بتایا ہے اور کہا ہے کہ میں تو ووٹوں کی خریداری بند کرنے کا کام کر رہا ہوں۔کجریوال نے کہا ہے کہ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ ’’جن سے پیسے لو انہیں ووٹ مت دو‘‘والی بات پہلی بار نہیں کہی ہے،ایسا وہ 2013کے دہلی اسمبلی انتخابات اور 2014کے لوک سبھا انتخابات میں بھی کہہ چکے ہیں لیکن اس وقت کانگریس یا بی جے پی نے اس کے خلاف کچھ نہیں کہا تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ دہلی کے ووٹر اب سمجھدارہوگئے ہیں اور وہ بھی انتخاب میں امیدواروں سے پیسے لے کر انہیں ووٹ نہیں دیتے ہیں،اس سے کانگریس اور بی جے پی نے گھبرا کر ان کی شکایت کی ہے۔کجریوال کا کہنا ہے کہ ہندوستانی سیاست میں رشوت خوری اتنی بڑھ چکی ہے کہ حکومت اورالیکشن کمیشن کی کوششوں کے باوجود ووٹ خریدنے پر لگام نہیں لگائی جا سکی ہے جبکہ ان کی کوششوں سے دہلی میں ایسا ہونا شروع ہو گیا ہے۔کجریوال نے الیکشن کمیشن سے ان کی تقریر غور سے سننے اور ان کی بات کا اصلی مطلب سمجھنے کی بھی اپیل کی ہے۔ان کا دعوی ہے کہ لوگ جس سے پیسے لیں گے اسے ووٹ نہیں دیں گے تو اس سے ووٹ کا خریدنا کم ہو جائے گا۔کجریوال نے اپنے جواب میں یہ حوالہ دیا ہے کہ ان کے سی ایم رہنے کے دوران اسی طریقے سے انہوں نے رشوت خوری کم کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔کجریوال کا دعوی ہے کہ اس وقت بھی لوگوں کو ان کی اپیل پر تعجب ہوا تھا لیکن یہ کوشش کارگر ثابت ہوئی تھی۔کجریوال نے کہا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن ان کے اس جواب سے مطمئن نہیں ہے تو وہ ضابطہ اخلاق نافذ رہنے تک یہ بات نہیں کہیں گے لیکن ایسا کرنے سے پہلے وہ ایک بار کمیشن کے سامنے پیش ہو کر اپنا موقف رکھنا چاہیں گے۔

 

 

...


Advertisment

Advertisment