Today: Monday, November, 20, 2017 Last Update: 12:56 am ET

  • Contact US
  • Contact For Advertisment
  • Tarrif
  • Back Issue

   

اترپردیش اردو اکادمی کے صدارتی عہدہ پر منور رانا کی نامزدگی

اترپردیش اردو اکادمی کے صدارتی عہدہ پر منور رانا کی نامزدگی

 

اکھلیش سرکار کی اردو والوں کو خوش کرنے کی ایک مثبت کوشش

جاوید قمر

نئی دہلی:بالآخر اترپردیش اردواکادمی کی یتیمی ختم ہوگئی۔ منور رانا کی شکل میں اسے ایک لائق اور بہتر سربراہ مل گیا۔ اکھلیش سرکار کے اقتدار میں آنے سے اردو کا یہ عظیم ادارہ اپنے قائد کے بغیر کام کررہاتھا۔ اگرچہ صدرکا عہدہ خود وزیراعلیٰ اکھلیش یادو سنبھالے ہوئے تھے لیکن اکادمی کی سرگرمیاں تقریباً معطل ہوکر رہ گئی تھیں کیونکہ اس کا کوئی چیئرمین بھی نہیں تھا۔پچھلے کچھ عرصہ سے اردو حلقوں میں یہ خبریں گرم تھیں کہ عدالت کی مداخلت کے بعد اس ادارے کے لئے سربراہ کی تلاش تیزکردی گئی ہے۔ گزشتہ دنوں جب منوررانا صاحب دہلی تشریف لائے تھے تو سیاسی تقدیر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاتھا کہ اس عہدہ کے لئے انہیں پیشکش ہورہی ہے لیکن وہ قبول نہیں کررہے ہیں۔ بہر حال اب جبکہ ان کی نامزدگی ہوگئی ہے کہا جاسکتا ہے کہ حق حقدار کو پہنچ گیا۔ منوررانا اردو شعروادب کا ایک بڑا نام ہے۔ وہ اپنی بے باکی اور اصول پسندی کے لئے بھی مشہور ہیں۔ اردو سے انہیں عشق ہے۔ اردو کے مسائل سے بھی وہ بخوبی واقف ہیں۔ اردو اکادمیوں کی سرگرمیوں کے حوالہ سے ان کا ایک بیان کافی مشہور ہوچکا ہے جس میں انہو ںنے کہا تھا کہ اردو کا بھلا اگرچاہئے تو ان اردواکادمیوں کو بند کردینا چاہئے۔ ایسے میں بلاشبہ ان سے کچھ انقلابی اور غیر معمولی اقدامات کی توقع کی جاسکتی ہے۔ ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ انہیں پوری اردو دنیا میں جو شہرت اور عزت حاصل ہے اس کے آگے یہ عہدہ کوئی معنی نہیں رکھتا۔ اکھلیش سرکار بھی ان کی اس حیثیت اور ان کی بےباک طبیعت سے یقینا واقف ہوگی۔ منور رانا اپنی انا کے ساتھ زندگی جینے کے عادی ہیں اس لئے ہمیں یقین ہے کہ اگر ان کی منشا کے مطابق اکادمی میں کام نہیں ہوا تو وہ اس عہدہ کو لات مارنے میں بھی تاخیر نہیں کرےں گے۔ ان کی تقرری سے یقینا پوری اردو دنیا میں خوشی کا ماحول ہے۔ صدر کی تقرری میں جو تاخیر ہوئی اترپردیش سرکار نے منور رانا کی شکل میں اس کی تلافی کردی ہے۔ ادارہ سیاسی تقدیر منوررانا کو دل کی گہرائیوں سے مبارکبادپیش کرتا ہے۔ذرائع کے مطابق انہیں وزیرمملکت کا درجہ بھی حاصل ہوگا گویا اب ہمارے منور بھائی وزیربھی ہوگئے ہیں۔

...


Advertisment

Advertisment